بلاول کا نوازشریف کو سیاست چھوڑنے کا مشورہ
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوازشریف کو سیاست چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی ریٹائرمنٹ جمہوریت کے لیے بہتر ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ نواز شریف قانون کی برابری کی جو بات کرتے ہیں وہ درست ہے، قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف جو کہتے ہیں کہ ان کے ساتھ ہوا تو جہانگیر ترین اور پی ٹی آئی کے دوسرے لوگوں کے ساتھ بھی ہونا چاہیے، یہ بات بھی درست ہے،ترین اوردیگر سے یکساں سلوک کا مطالبہ بھی درست ہے۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کا مسئلہ صرف سندھ کا نہیں ،پورے ملک کا ہے ، صرف سندھ کو ہی تنقید کا نشانہ کیوں بنایاجاتا ہے، دوسرے صوبوں نے اس مسئلے کا کیا حل نکالا ہے۔
انہوں نے کہاکہ صاف پانی کا بحران اسلام آباد سمیت پورے ملک کو متاثر کر رہا ہے، حکومت سندھ نے اس مسئلے کے حل کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں، پورے صوبے میں آر او پلانٹس لگائے جا رہے ہی۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ نئےڈیموں کی تعمیر کے علاوہ نہروں کو بھی پختہ کیا جا رہا ہے، خوشی ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے رکھنے کا موقعہ ملا ہے۔
ان کا یہ بھی کہناہے پنجاب اورکے پی کے میں بھی پانی کا مسئلہ ہے،بلوچستان میں پانی ہے ہی نہیں، وہاں سی پیک کا ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے گولڈن جوبلی جلسے کیلئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرخصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں جیالوں اور عوام کو اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ جلسے میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ جیالوں کے بغیر 50 سال کا یہ سفر ممکن نہیں تھا، آپ کی محبتوں، قربانیوں، انتھک محنت، لازوال جذبے اور دعاؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جیالے پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہی،5دسمبر کو پریڈ گراؤنڈ میں سب کا انتظار کروں گا۔