دریافت ہونے والے نئے کیچوے کا نام اوباما رکھ دیا
واشنگٹن: ماہرین نے ایک نیا چپٹا کیچوا فلیٹ ورم دریافت کیا ہے اور اسے امریکی صدر بارک اوباما کے نام پر ’بارک ٹریما اوبامائی‘ کا نام دیا ہے۔
یہ کیچوا طفیلیہ ہے یعنی دوسرے جانداروں پر پلتا ہے اور ملائیشیا کے کچھووں کے پھیپھڑوں میں پایا جاتا ہے۔ بارک اوباما کا نام دینے کی وجہ یہ ہے کہ اسے دریافت کرنے والے ماہرین میں اوباما کا ایک کزن بھی شامل ہے جس نے اسے امریکی صدر کا نام دیا ہے۔
بی اوبامائی اس کا مختصر نام ہے۔ یہ ایک دھاگے نما لمبا طفیلیہ ہے جو میٹھے پانی کے کچھوؤں کے اندر پلتا ہے۔ اس کے علاوہ سیاہ دلدلی ( بلیک مارش) اور ایشین باکس کچھوؤں کے اندر بھی پایا جاتا ہے۔ ماہرین نے ان کچھوؤں کے پھیپھڑوں کے خانوں میں ایسے کیچوؤں کے ہزاروں انڈے دریافت کیے ہیں۔ تاہم یہ انڈے کچھوؤں کے جسم سے باہر کیسے جاتے ہیں یہ اب تک واضح نہیں ہوسکا ہے۔