فل ہیوز کی موت کے بعد ہی ریٹائر ہوجانا چاہیے تھا، مائیکل کلارک کا اعتراف
سڈنی: آسٹریلیا کے سابق کپتان مائیکل کلارک نے اعتراف کیا ہے کہ انھیں اپنے ساتھی کھلاڑی فل ہیوز کی موت کے بعد ہی ریٹائر ہوجانا چاہیے تھا۔
سابق کپتان مائیکل کلارک نے اعتراف کیا ہے کہ انھیں اپنے ساتھی کھلاڑی فل ہیوز کی موت کے بعد ہی ریٹائر ہوجانا چاہیے تھا کیونکہ فل ہیوز کی دوران میچ المناک موت کے بعد سے وہ مسلسل جدوجہد ہی کرتے رہے اور ایک برس بعد جاکر کھیل سے الگ ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ فل ہیوز کی موت نومبر 2014 میں گردن پر گیند لگنے سے واقع ہوئی جبکہ کلارک نے 2015 میں ریٹائرمنٹ لی تھی۔
کلارک نے کہاکہ ہیوز کی موت کے بعد میرے لیے کھیلنا بہت ہی مشکل ہوگیا تھا، مجھے اس واقعے کے بعد مزید کوئی میچ کھیلے بغیر ہی اپنے کیریئر کا اختتام کردینا چاہیے تھا، خود میرے دل میں بھی خوف بیٹھ گیااور مجھے جدوجہد کرنا پڑی تھی۔