آئی ایس آئی کی رپورٹ کے مطابق دھرنے کا مقصد سیاسی ہے ،مظاہرین قرانی تعلیمات کے برعکس اقدامات کر رہے ہیں ،سپریم کورٹ نے تحریری حکم جاری کردیا
اسلام آباد (نیوز وی او سی آن لائن )تحریک لبیک کے دھرنے سے متعلق سپریم کورٹ نے از خود نوٹس کیس کا تحریری حکم نا مہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ آئی ایس آئی کی رپورٹ کے مطابق دھرنے والوں کے سیاسی مقاصد ہیں ،2018کے عام انتخابات تک مقبولیت حاصل کرنے کے لیے یہ کام کیا جا رہا ہے،مظاہرین قرانی تعلیمات کے برعکس اقدامات کر رہے ہیں ۔گزشتہ روز جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نے دھرنے سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کی تھی جس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بھی شامل تھے ۔اب سپریم کورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضروری نہیں کہ دھرنا ختم کرانے کے لیے پرتشدد راستہ اپنا یا جائے ،اسلام امن کا دین ہے اور امن کا ہی درس دیتا ہے ۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ مظاہرین نے احتجاج کے لیے اجازت حاصل نہیں کی اور پولیس کو بھی تشدد کا نشانہ بنا یا ۔سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ خفیہ اداروں کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹس میں بہت سی باتوں کے جواب نہیں،ان لوگوں کو پیسے کون دے رہا ہے ؟۔انہوں نے کہا کہ مظاہرین اسلام کے راستے پر چلنے کے بجائے ایسے اقدامات کر رہے ہیں جو غیر قانونی ہیں ،مظاہرین آئین پر عمل کریں ۔حکم نامے میں حکومت کو ہدایت کی گئی کہ سپریم کورٹ کے حکم کا اردومیں ترجمہ کر کے کاپیاں مظاہرین کو دی جائیں ۔