وزیر اعظم کی کراچی آمد ، پورے ملک کی یکساں ترقی وفاق کا وژن ،عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے : شاہد خاقان عباسی
کراچی (نیوز وی او سی آن لائن) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ایک روز سرکاری دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں، شہر قائد آمد پر گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعظم کا استقبال کیا، شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پورے ملک کی یکساں ترقی وفاق کا وژن ہے،عوام کے جان و مال کا تحفظ اور انھیں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ سرکاری دورے پر کراچی پہنچ گئے ،انہوں نے گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنر سندھ سے ملاقات کی اور صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال،امن و امان ، وفاق کے تحت جاری منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت، معاشی و اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی ملک کی شہ رگ ہے جس کی ترقی وخوشحالی کے اثرات پورے ملک پر مرتب ہو تے ہیں، کراچی میں دیر پاامن و امان کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد ترقیاتی کاموں پر بھرپور توجہ مرکوز ہے، صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے وفاق کا تعاون جاری رہے گا، امن و امان کے قیام سے معاشی ،اقتصادی ، تجارتی ، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر نے وزیراعظم کو بتایا کہ صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں،صنعت کار وں ، تاجروں اور دیگر تمام سٹیک ہولڈر ز کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ بھی جاری ہے، ہر ایک صوبہ کی ترقی و خوشحالی کا خواہش مند ہے، وفاق کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ترقیاتی پیکج سے عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کراچی ترقیاتی پیکج کے ترقیاتی منصوبے تشکیل دیئے گئے ہیں۔کراچی ترقیاتی پیکج اور وفاق کے تحت جاری دیگر منصوبوں کو عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وفاق کی معاشی پالیسی کے سب سے زیادہ مثبت نتائج صوبہ سندھ سے حاصل ہو رہے ہیں۔حیدر آباد ، جیکب آباد ، ٹھٹھہ ،ٹنڈو محمد خان اور کراچی میں وفاق کے تعاون سے جاری منصوبوں کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کراچی ایئرپورٹ پر پہنچے تو گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔