عامر لیاقت نے بول ٹی وی چینل چھوڑنے کا اعلان کر دیا
لاہور (نیوز وی او سی آن لائن )معروف اینکر پرسن ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے بول ٹی وی نیٹ ورک سے ایک سال سے بھی کم عرصہ وابستہ رہنے کے بعد اس سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق عامر لیاقت حسین بول نیوز پر ’ایسا نہیں چلے گا‘ نامی پروگرام کرتے تھے، اس پر پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پابندی بھی عائد کی۔عامر لیاقت حسین نے رواں برس 2017 سے بول نیوز پر یہ پروگرام کرنا شروع کیا تھا، اس سے قبل وہ جیو ٹی وی نیٹ ورک سے وابستہ تھے۔
رواں برس کے آغاز سے ہی ’ایسا نہیں چلے گا‘ پروگرام کرنے والے عامر لیاقت حسین نے 18 نومبر کی شام ایک ٹوئیٹ کے ذریعے بول ٹی وی نیٹ ورک سے علیحدگی کا اعلان کرکے پاکستانیوں کو ایک بار پھر حیران کردیا۔انہوں نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’ان کا سفر ختم ہوگیا، لیکن یہ سفر دوستانہ طریقے سے ختم نہیں ہوا، میں اب بول کا حصہ نہیں ہوں، میرا معاوضہ ان پر واجب الادا ہے‘۔
ان کی ٹوئیٹ سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے معاوضے کی عدم ادائگی کے باعث بول نیٹ ورک سے علیحدگی اختیار کی، کیوں کہ انہوں نے صرف واجب الادا معاوضے کا ہی ذکر کیا۔
ڈاکٹر عامر لیاقت نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’جنہیں بھی بول کی جانب سے بھاری بھرکم تنخواہوں کی پیشکش کی گئی ہے وہ اپنے رسک پر بول جوائن کر سکتے ہیں ۔‘