‘ ترکی نے خطرناک اعلان کردیا، داعش کو اب تک کا سب سے بڑا جھٹکا دے دیا
انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک)شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف گزشتہ پانچ سال سے امریکہ نے جنگ کا ڈھونگ رچارکھا تھا لیکن اس طویل عرصے میں وہ کام نہ کر سکا جو ترکی نے صرف ایک ماہ کے دوران کر دکھایا ہے۔ ویب سائٹ ایشلان ڈیفنس کی رپورٹ کے مطابق ترکی نے اعلان کردیا ہے کہ اس کی فوجیں داعش کو دیگر علاقوں سے نکالنے کے بعد اس کے دارالحکومت رقہ سے بھی بھگانے کے لئے تیار ہیں۔
ترک افواج گزشتہ ماہ شمالی شام میں داخل ہوئی تھیں اور اب بتایا جارہا ہے کہ یہ داعش کو رقہ شہر سے بھگانے کے قریب پہنچ چکی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ترکی اب بین الاقوامی حمایت کا خواہاں ہے تاکہ شمالی شام کے مشرق اور مغرب میں واقع کرد علاقوں کے درمیان اور جنوب میں داعش سے چھڑوائے گئے علاقے میں بفرزون قائم کردیا جائے، تاکہ تینوں اطراف سے ترکی کی سرحد کی جانب بڑھنے والے تمام خطرات کا خاتمہ کردیا جائے۔
ترکی کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ رقہ کو داعش سے پاک کرنے کی مہم میں بین الاقوامی تعاون کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ چین میں منعقد ہونے والی جی 20 سربراہی کانفرنس سے واپسی پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ ترک افواج داعش کے دارالحکومت رقہ کی جانب کسی بھی نوعیت کی پیشقدمی میں شامل ہونے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔