ٹرمپ اور پیوٹن میں باضابطہ ملاقات کا امکان نہیں، وائٹ ہاؤس
واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ویتنام میں باضابطہ ملاقات کے امکان کو مسترد کردیا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری سارا سینڈرز کا کہنا ہے کہ جمعے کو ویتنام میں ہونے والی ایشیا پیسفیک اکنامک کوآپریشن سمٹ ( اے پی ای سی) کے دوران دونوں ممالک کے سربراہوں کے درمیان ایک مختصر اور رسمی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا لیکن وہ اعشائیے کے دوران ایک رسمی ملاقات تھی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ روسی صدر سے باضابطہ ملاقات کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ سرابراہی اجلاس کے موقع پر لی جانے والی تصویرمیں دیکھا جاسکتا ہے کہ میزبان ملک ویتنام کی جانب سے اعزازی طورپر فراہم کی جانے والی نیلی روایتی ویتنامی شرٹ میں دونوں رہنماں گرمجوشی سے مصاحفہ اوررسمی جملوں کا تبادلہ کررہےہیں۔
جاری ہونے والے بیان میں سارا سینڈرز کا کہا ہے کہ جہاں تک روسی صدر پیوٹن کے ساتھ ملاقات کا سوال ہے تو ایجنڈا میں دونوں طرف کے تنازعات کے علاوہ شیڈول میں ایسی کوئی ملاقات نہیں ہے، امریکی صدر کے شڈول میں کوئی باضابطہ ملاقات نہیں رکھی گئی ہے لیکن سربراہ اجلاس کی کارروائی کے دوران ممکن ہے کہ دونوں سربراہوں کے درمیان غیر رسمی گفتگو ہو، انکا مزید کہنا تھا کہ سربراہی اجلاس میں دونوں رہنماؤں کا ایک دوسرے سے آمنا سامنا عین ممکن ہے اور اس دوران رسمی ملاقات یقیناً ممکن ہے۔