رنبیر کے ساتھ تصاویر پر ماہرہ خان نے معافی مانگ لی
ممبئی(رپورٹر نیوز وی او سی) ماہرہ خان نے رنبیر کپور کے ساتھ متنازعہ تصاویر والے معاملے پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی کسی بوڑھی خاتون سے ملتی ہوں فوراً معافی مانگتی ہوں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایک بار پھر ماہرہ نے متنازعہ تصاویر کے معاملے پرلب کشائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’میں بہت مضبوط عورت ہوں لیکن اس واقعے نے مجھے توڑ کر رکھ دیا‘‘۔ ایک انٹرویو کے دوران ماہرہ نے کہا کہ ان تصاویر کی وجہ سے لوگ بہت زیادہ دلبرداشتہ ہوئے تھے بالکل اسی طرح جیسے میری نانی اور میرے ماموں اس طرح کی تصاویر دیکھ کر ہوتے اور یہی وجہ تھی کہ مجھ پر تنقید کی گئی۔ میں آج اگر کسی بوڑھی یا ادھیڑ عمر کی خاتون سے ملتی ہوں اور وہ کہتی ہیں کہ انہیں وہ تصاویر پسند نہیں آئی تھیں تو میں فوراً معافی مانگتی ہوں۔ اداکارہ نے کہا لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کیا میں اپنے مداحوں کے لیے رول ماڈل ہوں تو میں کہتی ہوں ہاں میں رول ماڈل ہوں لیکن مکمل رول ماڈل نہیں۔ میں بھی انسان ہوں مجھ سے بھی غلطیاں ہوتی ہیں ۔