ایم کیو ایم کو دفن کرنا ہماری پالیسی ہے: مصطفیٰ کمال
پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم کو دفن کرنا پی ایس پی کی پالیسی ہے،اس کیلئے ہر طریقہ استعمال کریں گے۔
کراچی میں پاک سرزمین پارٹی کے الیکشن سیل کے افتتاح کے موقع پر مصطفیٰ کمال کھل کر سامنے آگئے۔
ان کا کہنا ہے کہ فاروق ستاربانی ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو اپنے مفاد میں استعمال کررہے ہیں، اب کوئی سینیٹر، ایم این اے یا ایم پی اے ایم کیو ایم پاکستان چھوڑ کر پی ایس پی میں آیا تو اُس سے استعفیٰ نہیں لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک سرزمین پارٹی آئندہ الیکشن میں ایم کیو ایم پاکستان کو ناکوں چنے چبوانے کیلئے تیار ہے۔
مصطفیٰ کمال نے لگی لپٹی رکھے بغیر سارے پتے شو کردیئے، بتایا کہ وہ فاروق ستار اینڈ کمپنی کے ’مستعار مینڈیٹ‘ کے ساتھ کیا کرنے والے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ایم کیو ایم کا خاتمہ ان کی پارٹی پالیسی ہے اور اس کیلئے ہر طریقہ اختیار کریں گے۔
تقریب سے ڈاکٹر صغیر، رضا ہارون اور ارشد وہرہ نے بھی خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی ایکسپائری ڈیٹ گزر چکی ہے، پی ایس پی آئندہ الیکشن میں ان کی ضمانتیں ضبط کرادے گی۔