ایسے کسی شخص کو ووٹ نہیں دینا جس کا پیسا اور کاروبار پاکستان میں نہ ہو،عمران خان
اوباڑو: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نواز شریف اور آصف علی زرداری کو ملک میں کرپشن کاگاڈفادر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی بڑے ڈاکو کو این آراو دینے کی کوشش کی گئی تو سب کو لے کر اسلام آباد پہنچوں گا ۔
سندھ اور پنجاب کے سرحدی شہر اوباڑو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا 3 سو ارب روپے ملک سےباہر پڑا ہے جب کہ آصف زرداری نے 19شوگر ملوں پر قبضہ کیا ہواہے، نوازشریف اور آصف زرداری اور ان کے بچوں کے اثاثے دبئی،لندن اور پیرس میں ہیں ان لوگوں کو ملک کے اسپتالوں کا حال تک معلوم نہیں ہے یہ لوگ باہر جا کرعلاج کراتے ہیں ان کو پتا ہی نہیں پاکستان میں اسپتالوں کی صورتحال کتنی ابتر ہے۔
عمران خان نے کہا کہ شوگر ملوں پر قبضہ کرنے والے ڈاکوؤں کا سوشل بائیکاٹ کرنا ہے، ان چوروں نے سندھ کے لوگوں کا خون چوسا ہے پاکستان میں سب سے زیادہ سندھ کے لوگوں پر ظلم ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ انہیں این آر او مل جائے گا،ایک این آراو نوازشریف اور ایک آصف زرداری کو ملا لیکن قوم اب کوئی این آر او برداشت نہیں کرے گی۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے خبردار کیا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مجرموں کو رعایت دینے کے لیے نیب کے قانون میں تبدیلی کی یا نوازشریف اور زرداری کو بچانے کے لیے عدلیہ کوکمزور کرنے کی کوشش کی تو سارا پاکستان اسلام آباد کا رخ کرے گا۔