رائے ونڈ: پہلی روٹھی بیوی واپس نہ آنے پر 6 سالہ بیٹی کو ذبح کر دیا‘ 2 نے بھاگ کر جان بچائی
رائے ونڈ(نامہ نگار) سفاک باپ نے 6 سالہ بیٹی کو ذبح کردیا، دو بیٹیوں نے بھاگ کر جان بچائی۔ تھانہ سٹی کے علاقہ دھوندے کے بھٹہ مزدور منظور نے ارشاد بی بی سے شادی کے علاوہ بھی دوسری عورت کیساتھ بھی شادی رچارکھی تھی جس پر اس کاایک سال سے پہلی بیوی سے تنازع چل رہا تھا،گزشتہ دنوں لڑائی جھگڑے کے بعد پہلی بیوی تین بچیاں منظور کے پاس چھوڑ کر اور دو بچے لیکر میکے چلی گئی جس پر منظورنے طیش میں آکر پچھلی رات اپنے تینوں بچوں کو قتل کرنے کی کوشش کی اور مبینہ طور پر رات کے پچھلے پہر تینوں بچیوں کو سوتے میں اٹھاکر گھر کے نزدیک کھیتوں میں لے گیا اور پہلے 6سالہ کرن کا چھری سے گلا کاٹ دیا۔ بعد ازاں دوسری بچیوں کے شور مچانے پر ڈر کر بھاگ گیا، بچیوں کی نشاندہی پر اہل علاقہ نے پولیس کو اطلاع کی جنہوں نے نعش پوسٹمارٹم کیلئے بھجوا کر ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔ ملزم ان دنوں اپنی بہن سلمیٰ کے گھر رہ رہا تھا۔ اس نے سلمیٰ کو بتایا تھا کہ وہ ایک شیر خوار بچی کو کیسے پالے، معلوم ہوا ہے کہ وہ اپنی بیوی کو سمجھاتا رہا کہ وہ گھر واپس آجائے مگر وہ راضی نہ ہوئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ ایس ایچ او کے مطابق ملزم ذہنی مریض ہے۔