زرداری‘ نوازشریف کے درمیان رابطہ کرانے میں ناکام رہا‘ اب امکان ختم ہو گیا: خواجہ آصف
اسلام آباد نیوز وی او سی) وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نوازشریف کے درمیان رابطے کرانے میں ناکام رہا ہوں ۔ آصف زرداری کو کئی فون کالز کیں مگر جواب نہیں آیا ۔ اے ڈی سی کے پاس پیغام بھی چھوڑا مگر انہوں نے جوابی فون ہی نہیں کیا۔ آصف زرداری نے فاروق نائیک کو میرا مقدمہ لڑنے سے بھی روک دیا ہے۔ فاروق نائیک میرے خالہ زاد بھائی بھی ہیں اور میری بیوی کے بڑے بھائی بھی ہیں اور میرے وکیل بھی ہیں میرے خلاف اقامہ والا کیس چل رہا ہے اس سلسلے میں جب میں نے ان سے رابطہ کیا تو انہوںنے کہا کہ آصف زرداری نے منع کردیا ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ میں 7دن تواتر کے ساتھ آصف زرداری سے رابطہ کرتا رہا ان سے ماحول بہتر بنانے پر بھی بات کرنا چاہتا تھا۔ سیاستدان اپنا تماشہ نہ بنائیں کوئی گلہ شکوہ ہے تو بیٹھ کر ان کو دور کیا جائے۔ ہوسکتا ہے کہ زرداری کی کچھ شکایتیں جائز بھی ہوں جبکہ آصف زرداری خود اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ آپس کے رابطے رہنے چاہئیں کسی صورت منقطع نہیں ہونے چاہئیں۔ مگر انہوںنے میری کالز کا جواب نہیں دیا۔ اللہ ان کو خوش رکھے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ میں اپنے حوالے سے کہہ سکتا ہوں کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان رابطوں کے امکانات ختم ہوگئے ہیں۔نثار کے بیان کے حوالے سے کہا کہ تنائو کی صورتحال ضرور ہے مگر 1999ء دور کے حالات نہیں، مریم نواز، حمزہ شہباز میں کوئی لڑائی نہیں۔ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ان کی اتنی اوقات اور مقام نہیں کہ وہ چوہدری نثار کے بیان پر رد عمل دیں، پارٹی کے حوالے سے ان کے بیان پر ان ہی سے پوچھا جائے۔