گلوکارہ ریشماں کوہم سے بچھڑے 4 برس بیت گئے
لاہور: بلبل صحرا کے لقب سے مشہورپاکستان کی نامور گلوکارہ ’’ریشماں‘‘ کو مداحوں سے بچھڑے 4 برس ہوگئے۔
بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے بیکانیرمیں پیدا ہونے والی ریشماں قیام پاکستان کے فوری بعد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کراچی آبسیں، انہوں نے گائیکی کی کوئی باقاعدہ تعلیم حاصل نہیں کی تھی اور 12 برس کی عمر میں گائیکی شروع کردی، لعل شہباز قلندر کے مزار پر اپنے فن کے مظاہرے کے دوران ریڈیو پاکستان کے پروڈیوسر سلیم گیلانی نے انہیں سنا اور پھر ریڈیو پر گانے کا موقع دیا، 60 اور 70 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی وژن سے نشر ہونے والے گیتوں نے ریشماں کو پاکستان کی مقبول ترین لوک گلوکارہ بنایا۔
ان کی شہرت سرحد پار پہنچی تو معروف بھارتی ہدایت کار سبھاش گھئی نے ان کی آواز اپنی ایک فلم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ یوں ریشماں نے ان کی فلم ’ہیرو‘ کے لئے ’لمبی جدائی‘ گایا جو آج بھی سرحد کے دونوں جانب انتہائی مقبول ہے، اس فلم کو آج بھی ریشماں کے اس گانے کی وجہ سے ہی جانا جاتا ہے۔