اہلیہ کی تیمارداری کے لیے لندن آیا ہوں ،یہاں سے پاکستان جاﺅں گا :نواز شریف
لندن (نیوز وی او سی آن لائن )سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اہلیہ کی تیمارداری کے لیے لندن آیا ہوں ،یہاں سے پاکستان جاﺅں گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے چار سال میں کام کر کے ملک میں استحکام پیدا کیا لیکن ایک منتخب وزیر اعظم کو پاناما کے بجائے اقامہ پر نکال دیا تو اب پھر کہاں کی ترقی اور کیسی خوشحالی ،حکومتوں کو کمزور کرنے سے ملک کمزور ہوتا ہے ۔سعودی عرب سے لندن پہنچنے کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کااندازہ سٹاک مارکیٹ سے لگا یا جا سکتا ہے ،جب ہماری حکومت آئی تو سٹاک مارکیٹ 19ہزار پوائنٹس پر تھی ،ہم چار سال محنت کے بعد اس 54ہزار پوائنٹس پر لے گئے لیکن جب سے مجھے نکالا گیا تو سٹاک مارکیٹ پھر نیچے آگئی اور اب 40ہزار پوائنٹس پر ہے،پاکستان پھر مشکل دور سے گزر رہا ہے ۔نواز شریف نے کہا کہ احمد نورانی کے ساتھ جو سلوک ہوا ،یہ انتہائی غلط ہے ،احمد نورانی کے چہرے پر ٹانکے لگے ،پوری قوم کو اس واقعے پر افسوس ہونا چاہیے ۔ان کا کہنا تھا کہ احمد نورانی پر حملے کی تہہ تک پہنچنا چاہیے ،یہ کام کس نے اور کیوں کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ چار سال پہلے کوئی ٹیم پاکستا ن آنے کو تیار نہ تھی ،دہشت گردی عروج پر تھی ،معاشی صورتحال ابتر تھی اور دہشت گردی بھی بہت زیادہ تھی ،ہم نے اس صورتحال میں کام کر لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کو ختم کیا ،آج کرکٹ کے میدانوںکی رونقیں پھر بحال ہو رہی ہیں