ویلفیئر سکیموں کے تحت غریب کو معاشرے میں باعزت طریقے سے جینے کیلئے برابر مواقع دینا چاہتے ہیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک
پشاور 30 اکتوبر 2017
)بیورو چیف پاکستان بشیر باجوہ نیوز وائس آف کینیڈا)
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پاکستان ایئر فورس کے تعاون سے خویشگی میں 1800 کنال پر بین الاقوامی معیار کے نیشنل پارک کی تعمیر، سید و شریف کے قریب تعلیم وصحت کے اداروں پر مشتمل ویلفیئر پراجیکٹ اور صوبے کے نوجوانوں کیلئے کمرشل ایئر کرافٹ مینٹیننس کالج کے قیام کی منظوری دیدی
حکومت غریب کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،ماضی کے بدعنوان سسٹم نے غریب سے جینے کا حق چھین لیا تھا،ہم ویلفیئر سکیموں کے تحت غریب کو معاشرے میں باعزت طریقے سے جینے کیلئے برابر مواقع دینا چاہتے ہیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس میں خطاب
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پاکستان ایئر فورس کے تعاون سے خویشگی میں 1800 کنال وسیع اراضی پر بین الاقوامی معیار کے نیشنل پارک کی تعمیر ، سید و شریف کے قریب تعلیم اور صحت کے اداروں پر مشتمل ویلفیئر پراجیکٹ اور صوبے کے نوجوانوں کیلئے کمرشل ایئر کرافٹ مینٹننس کالج کے قیام کی منظوری دی ہے۔
انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت غریب کی تعلیم اور تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ ماضی کے بدعنوان سسٹم نے غریب سے جینے کا حق چھین لیا تھا۔ہم ویلفیئر سکیموں کے تحت غریب کو معاشرے میں باعزت طریقے سے جینے کیلئے برابر مواقع دینا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے روایتی سیاست اور طرز حکومت کو تبدیل کرکے غریب دوست پالیسیاں متعارف کرائی ہیں۔
وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ ممبر صوبائی اسمبلی ادریس خان،سٹرٹیجک سپورٹ یونٹ کے سربراہ صاحبزادہ سعید، سابق چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ ، پرنسپل ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر آن ٹیکنکل ٹریننگ اینڈ ایو ی ا یشن ایئر کموڈور محمد امین ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔
اجلاس میں پاکستان ایئر فورس کے تعاون سے تعمیر کی جانے والی سکیموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر خویشگی (رسالپور ) میں وسیع قطعہ اراضی پر بین الاقوامی معیار کے نیشنل پارک کی تعمیر کی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں سید و شریف کے قریب ہسپتال ، سکولوں اور کالجوں پر مشتمل ویلفیئر پراجیکٹ کے علاوہ میٹ پروسسینگ ٹریننگ سنٹر کی بھی منظوری دی گئی۔
علاوہ ازیںمصری بانڈہ نوشہرہ کے قریب پاکستان ایئر فورس ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت پبلک سکول برائے طالبات ، پبلک سکول برائے طلباء ، ہسپتال ، ڈائیلائسز سنٹر ، آئی کیئراور ووکیشنل ٹریننگ سنٹر پر مشتمل ویلفیئر سکیم تک عوام کی رسائی یقینی بنانے کیلئے تین کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی ۔اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہاکہ صوبائی حکومت صوبے میں بیک وقت ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں پر کام کررہی ہے ۔
انہوںنے کہاکہ ویلفیئر سکیمیں اسلئے ناگزیر ہیں کیونکہ غریب کی اس معاشرے میں تعلیم اور تربیت کی سہولیات تک دسترس نہیں رہی ہے۔غریب اس معاشرے کا کلیدی حصہ اور اُن کا اہم کردار ہے ۔اسلئے غریب کی مناسب تعلیم اور فنی تربیت ضروری ہے ۔اُن کی حکومت صوبے کے نوجوانوں کو تعلیم کی معیاری سہولیات دینے کے ساتھ ساتھ فنی اور پیشہ وارانہ تربیت کیلئے ادارے قائم کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے پاکستان ایئر فورس کے طویل تجربے سے استفادہ کیا جارہا ہے۔
پرویز خٹک نے کہاکہ اُن کی حکومت نے سرکاری معاملات میں شفافیت اور میرٹ پر فیصلہ سازی کو فروغ دیا ہے۔ان اقدامات کی وجہ سے سابقہ حکومتوں کی عدم توجہ کا شکار غریب عوام کا جینا آسان ہونے لگا ہے۔صوبائی حکومت نے ہر شعبے میں آزاد اور بااختیار بورڈ ز، اتھارٹیاں اور کمپنیاں تشکیل دیں تاکہ ادارے حقیقت پسندانہ فیصلہ سازی کے قابل ہو سکیں۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ جب فیصلے سیاسی بنیادوں پر ہوں تو اُن کی افادیت نہیں رہتی عوامی فلاح کے اقدامات کا تعین ضرورت کی بنیاد پر کیا جائے اور دیکھا جائے کہ کونسی سکیم یا کونسا اقدام غریب عوام کو براہ راست مستفید کر سکتا ہے تو اُس کی افادیت بڑھ جاتی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ ہمارے تمام تر ترقیاتی اور فلاحی اقدامات میں عام آدمی کو بنیادی توجہ دی جاتی ہے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس ضمن میں ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے تاہم اُن کی حکومت نے ایک صحیح اور غریب دوست سمت کا تعین کر دیا ہے ایک فلاحی اور کامیاب معاشرے کی تشکیل کیلئے جس کا تسلسل ناگزیر ہے ۔