سلمان مجاہد کے الزامات بے بنیاد ہیں، فاروق ستار
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے سلمان مجاہد بلوچ کے الزامات بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی میں دھڑے بندی کسی کی حسرت ہی ہوسکتی ہے، حقیقت نہیں ،سلمان مجاہد کے الزامات قطعی بے بنیاد ہے۔
فاروق ستار کا کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم سے کسی طرح کا کوئی رابطہ نہیں، مصطفیٰ کمال سے بھی کوئی خفیہ ملاقات نہیں کی،اس سے بڑا جھوٹ کوئی نہیں ہوسکتا، سلمان مجاہد کو رابطوں کا پتا تھا تو پہلے کیوں نہیں بتایا؟
سربراہ ایم کیو ایم کا یہ بھی کہنا ہے کہ پارٹی میں اب بھی بہت ساری بے چین روحیں موجود ہیں، سب سے آسان کام ہوتا ہے کہ پوری پارٹی پر الزام لگادیں۔
سلمان مجاہد کے الزامات پر فاروق ستار نے منظوم تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ
حسرت ان غنچوں پے ہے، جو بن کھلے مرجھا گئے
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان سے نکالے جانے کے بعد ایم این اے سلمان مجاہد بلوچ نے گزشتہ روز ایم کیو ایم میں دھڑے بندی کا انکشاف کرتے ہوئے فاروق ستار پر لندن اور مصطفیٰ کمال سے رابطوں کا الزام عائد کیا تھا۔
سلمان مجاہد نے ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ فاروق ستار نے مصطفیٰ کمال سے خفیہ ملاقات کر کے مخالف دھڑے کے خلاف مدد مانگی ہے اور ان کا گروپ الطاف حسین سے بھی رابطے میں ہے۔
سلمان مجاہد بلوچ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈاکٹر فاروق ستار پارٹی کو ختم کرنے جا رہے ہیں، جبکہ مصطفیٰ کمال کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے انہیں زبردست شخصیت قرار دیا تھا۔