برطانیہ,جرمنی کا ایران ایٹمی ڈیل نہ توڑنے کا اعلان سمجھوتے کی پاسداری کریں گے,جواد ظریف
تہران (اے ایف پی) برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ جرمنی اور برطانیہ ایرانی جوہری ڈیل کا احترام بدستور کرتے رہیں گے اور یہ ڈیل توڑی نہیں جائے گی۔یہ بیان جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور برطانوی وزیراعظم کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے بعد جاری کیا گیا ہے ۔ دونوں رہنماؤں نے اس پر اتفاق کیا کہ عالمی برادری اپنی مشترکہ کوششوں سے ایران کی اپنے خطے میں عدم استحکام کی پالیسی کا مقابلہ کریگی اور ایرانی بیلسٹک میزائل سازی پر پائی جانے والی تشویش کو رفع کرنے کیلئے دوسرے آپشنز کا استعمال کیا جائیگا۔ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ جب تک جوہری سمجھوتا ہمارے مفادات کے حق میں رہے گا ہم اس کی پاسداری جاری رکھیں گے ۔امریکی صدر نے ایران کے خلاف جو بیان دئیے ہیں وہ جوہری سمجھوتے کے برعکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سمجھوتے پر صرف امریکا نہیں سلامتی کونسل کے مستقل ارکان برطانیہ، چین، فرانس، روس اور جرمنی نے بھی دستخط کئے ہیں۔ سمجھوتے کے فراہم کردہ امکانات سے استفادہ نہ کر سکنے کی صورت میں ہم جوہری توانائی کی پیداوار کو وہیں سے دوبارہ شروع کر دیں گے کہ جہاں ہم نے اسے چھوڑا تھا۔ ایران کے وزیر تیل بیڑن نامدار زنگنہ نے کہا کہ ایرانی جوہری معاہدے پر امریکی صدر کے سخت موقف سے عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمت پر واضح اثرات مرتب نہیں ہوں گے ۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے ایران کے خلاف امریکا کی پرعزم اور دور اندیش حکمت عملی کا خیر مقدم کیا۔مصرنے بھی ایران کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی حکمت عملی کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔دریں اثنا ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے فرانس کے صدر امانوئل میکخواں سے ٹیلیفون پر گفتگو میں کہا کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ایٹمی معاہدے کیخلاف امریکی صدر کے ہر طرح کے اقدام سے اس عالمی معاہدے کو نقصان پہنچے گا۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدے پر کسی بھی صورت میں بات چیت نہیں ہوگی اور تمام فریقوں کو اپنے وعدوں پر عمل پیرا رہنا ہوگا اور اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہئے کہ امریکی صدر یا کانگریس ایٹمی معاہدے کیخلاف کوئی اقدام کریں۔ فرانس کے صدر نے کہا کہ یورپی یونین اور فرانس ایٹمی معاہدے کا بھرپور دفاع کریں گے ۔