اقتدار میں آکر اپنی ذات کے لیے پیسے بنانا کرپشن ہے، عمران خان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیر داخلہ احسن اقبال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ضیاءالحق کے مارشل لاء میں اپنا کیریئر شروع کیا۔
پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ فوج قربانیاں دے رہی ہے اوریہ اسے بدنام کررہے ہیں، یہ ہماری فوج ہے پاکستان کی فوج ہے، میں اپنی فوج کے ساتھ کھڑا ہوں۔
پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ فوج کہہ چکی ہے کہ وہ آئین کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو کرپشن کی فکر پڑگئی ہے یہ قیامت کی نشانی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ایک طرح کی سیاست وہ ہے جس نے پاکستان کویہاں تک پہنچادیا ہے،آج پاکستان کو ایک نئی سیاست کی ضرورت ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اقتدار میں آکر اپنی ذات کے لیے پیسے بنانا کرپشن ہے، کرپٹ لوگوں کی وجہ سے ملک میں غربت ہے۔
عمران خان نے کہا کہ بمبینو سینما کے باہر ٹکٹ بیچنے والے آصف زرداری کے اربوں روپے باہر پڑے ہیں، لوگوں نےاپنی ذات کے لیےپاکستان کوآگے بڑھنے نہیں دیا، سسٹم اس لیے ٹھیک نہیں ہورہا کیوں کہ اوپر زرداری اور شریف بیٹھے ہیں، طاقتور اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کہتے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا، 3سوارب روپے کی چوری کرکے عدالت ایسے آتے ہیں جیسے کشمیر فتح کرکے آئے ہوں، شریف خاندان کو اس کا جواب دینا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان کی کوشش ہے کہ ان پرفرد جرم عائد نہ ہو، ریاست شریف خاندان کوبچارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سارے اداروں پر کرپٹ لوگ بٹھادیے گئے ہیں،ادارے ٹھیک کیسے ہوں گے، کوئی راکٹ سائنس نہیں، اچھے لوگ تعینات کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں ہمارے پاسپورٹ کی عزت نہیں کرتا کیوں کہ آج ہم مقروض ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی میں اوپر وہ آئیں گے جو بڑی سوچ رکھ کر ملک کا سوچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی جدوجہد اپنی ذات کیلیے نہیں قوم کیلیے تھی، میں پاکستان میں قائد اعظم کوہی لیڈر مانتا ہوں۔