معیشت پر بات کرنے کا تو عام آدمی کو بھی حق ہے۔
روہڑی: اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو معیشت پر بات کرنے سے نہیں روکنا چاہیے کیونکہ معیشت پر بات کرنے کا تو عام آدمی کو بھی حق ہے۔
روہڑی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ اسلام آباد عدالت میں پیش آنے والا واقعہ معمولی نہیں، جسے سیاست سمجھ آتی ہے اس پر ان سب کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں، اگر یہ تسلسل جاری رہا تو اللہ وطن کو محفوظ رکھے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ احسن اقبال کی فوج کو معیشت پر بات کرنے سے روکنے کی بات سے اتفاق نہیں کرتا، عام آدمی کو بھی معیشت پربات کرنے کا حق ہے، آرمی چیف سپہ سالار ہیں اگر ملکی معیشت بہتر ہوگی تو لائن آف کنٹرول محفوظ ہوگی اور ہمارے پاس اندر سے طاقت ہوگی، آرمی چیف کو معیشت پر بات کرنے سے نہیں روکنا چاہیے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت کو جواب دینا چاہیے کہ اگر آرمی چیف کو کوئی غلط فہمی ہے تو ہم بریفنگ دینے کو تیار ہیں، جب قوم طاقتور ہوگی تو ہمیں مدد ملے گی، کمزور قوم اور کمزور معیشت ہماری طاقتور فوج کو بھی کمزور کردے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں بہت کچھ دیکھ رہا ہوں بس اللہ رحم کرے، ہماری بھرپور کوشش ہےکہ اس ٹکراؤ سے بچاؤ کریں اور (ن) لیگ سمیت دوسرے سیاستدانوں اور اداروں کو بھی کہیں جو اس ٹکراؤ میں خوش ہوتے ہیں اور چاہتے ہیں یہ ٹکراؤ ہو۔
خورشید شاہ نے کہا کہ ختم نبوت کا مسئلہ ذوالفقار بھٹو نے 73ء کے آئین میں ڈال کر ختم کردیا، یہ مسئلہ اب حلف نامے میں سامنے آیا جسے پارلیمنٹ نے پکڑ کر حل کردیا۔
ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر نے اس مسئلے کو خوامخواہ اٹھایا، اس وقت ہر قدم پھونک پھونک کر رکھنا چاہیے، جو ایک مسئل طے ہوگیا اسے نہیں چھیڑنا چاہیے، علما اور سیاستدانوں سے ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں کہ تول کر بات کریں اگر بات کرنا نہیں آتی تو مت کریں۔