عدالتوں میں دائر ریفرنسزکی موثر پیروی ، انکوائریاں اور تحقیقات سالوں کے بجائے مقررہ مدت میں مکمل کی جائینگی – جسٹس (ر)جاویداقبال
اسلام آباد(نیوز وی او سی)چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے شیشے کی عمارت میں بیٹھنے سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہو گا، جب تک افسر کرپشن کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی نہیں اپنائیں گے ، عدالتوں میں دائر ریفرنسزکی موثر پیروی کی جائے گی، وہ نیب ہیڈکوارٹرز میں افسروں سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا نیب کی ساکھ بحال کرنے کیلئے سب کے احتساب کے اصول پر عمل کیا جائے ، انکوائریاں اور تحقیقات سالوں کے بجائے مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں گی، قانون اور شواہد کے مطابق عدالتوں میں نیب کا موقف پیش کیا جائے گا، ساری زندگی قانون و انصاف کے مطابق فیصلے کئے ، کسی سے ڈکٹیشن نہیں لی، نیب افسر اپنا کام پوری ایمانداری، محنت اور لگن سے کریں۔ قوم کو نیب سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اگر آپ کو کسی شخص،ادارے کے خلاف بدعنوانی کی درخواست موصول ہوتی ہے تو اس کی جانچ پڑتال قانون کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں اور کسی بے گناہ کے خلاف کارروائی سے گریز کیا جائے گا ،انہوں نے کہا نیب کے جو افسران ،اہلکار اپنے عہدے کا غلط استعمال کریں گے انکے لئے نیب میں کوئی جگہ نہیں، نیب کے تمام افسروں،اہلکاروں کی کارکردگی کو ذاتی طور پر مانیٹر کروں گا اور آنے والے مہینوں میں نیب کی کارکردگی میں ایک واضح تبدیلی نظر آئے گی۔