خفیہ اطلاعات پر افغانستان سے پاکستان منتقل کئے جانے والے غیر ملکیوں کو پاک فوج نے آپریشن کے بعد بازیاب کرا لیا
اوٹاوہ (نیوز وی او سی آن لائن) پاک فوج کے جانب سے آپریشن کے بعد بازیاب کرائے گئے غیر ملکیوں کے والدین نے پاکستان کی کوششوں پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا ، کینیڈین شہری کے والدین کا کہنا تھا کہ ہم پاک فوج کے ان سپاہیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر ہمارے بچوں کی زندگیاں محفوظ بنائیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بازیاب کرائے گئے کینیڈین شہری کے والدین کا ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے۔ ویڈیو پیغام میں کینیڈین شہری کی والدہ کا کہنا تھا کہ ہمیں آج صبح خبر ملی کہ ہمارے بچوں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے اور اس خبر کے20منٹ بعد پاکستانی سفارت خانے نے ہمارے بچوں سے ہماری بات کرا دی ، میں نے 5سال بعد اپنے بیٹے کی آواز سنی اور اب ایک دو دنوں میں اپنے پیارے بیٹے کو مل سکوں گی، اسی ویڈیو میں کینیڈین شہری جوشوا کے والد کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی بروقت کارروائی سے ہمارے بچوں کی زندگیاں محفوظ رہی ہیں ، میں پاک فوج کے ان سپاہیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر ہمارے خاندان کی حفاظت کی، ہم حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جو شوا کے والد نے کینیڈین حکومت اور کینیڈا میں پاکستانی سفارتخانے کا بھی شکریہ ادا کیا۔