رنگ برنگ

میکسیکو میں آسمان سے مچھلیاں برسنے کا حیرتناک نظارہ

میکسیکو سٹی (نیوز ڈیسک) آسمان سے پانی برستا تو ہر کسی نے دیکھا ہوگالیکن میکسیکو کے رہنے والوں نے تو آسمان سے مچھلیاں برسنے کا حیرتناک نظارہ بھی کر لیا ہے۔ دی مرر کے مطابق تامپیکو شہر میں بظاہر تو عام بارش ہی شروع ہوئی تھی لیکن پھر لوگ یہ دیکھ کر دنگ رہ گئے کہ بارش کے ساتھ آسمان سے مچھلیاں بھی برسنے لگیں۔ مقامی ایمرجنسی کے ڈائریکٹر پیڈرو گرانا ڈوس کا کہنا تھا کہ بارش کے دوران شہر کے متعددعلاقوں میں آسمان سے مچھلیاں گرنے کی اطلاعات ملیں۔ اگرچہ ان کی تعداد بہت زیادہ نہیں تھی مگرکئی علاقوں میں یہ واقعہ پیش آیا۔
جہاں ایک جانب عام شہری اس واقعے پر حیرت اور تشویش میں مبتلا ہیں تو دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ناممکنات میں سے نہیں ہے۔ ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ اس سے پہلے کینسس سٹی سے لے کر آسٹریلیا تک مختلف علاقوں میں ایسے واقعات پیش آچکے ہیں۔ اس معاملے کی تحقیق کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ سمندری طوفانوں کے دوران سطح آب پر پیدا ہونے والے طاقتور بگولے اپنے ساتھ پانی کی بھاری مقدار اُڑا کر آسمان میں میلوں کی بلندی تک لیجاتے ہیں۔ ان بگولوں کی زد میں آنے والی چھوٹی مچھلیاں اور مینڈک وغیرہ بھی غیر معمولی بلندی تک پہنچ جاتے ہیں اور پھر یہ چیزیں ہوا کے بہاﺅ کے ساتھ کہیں سے کہیں پہنچ جاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کئی ساحلی علاقوں میں مچھلیوں اور دیگر چھوٹے سمندری جانداروں کی بارش دیکھی جا چکی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button