ایڈیٹرکاانتخاب

جھل مگسی کے درگاہ فتح پورمیں خودکش حملہ، 20 افراد جاں بحق

نصیر آباد: بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں درگاہ فتح پور میں خود کش حملے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے۔
جھل مگسی میں واقع درگاہ فتح پور کے مرکزی دروازے پر دھماکا ہوا۔بلوچستان حکومت کے ترجمان انوار الحق کاکڑ کے مطابق پولیس نے خود کش حملہ آور کو درگاہ کے اندر جانے سے روکا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس کانسٹیبل شہید ہوا۔
دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے درگاہ کو گھیرے میں لے لیا جبکہ امدادی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
دھماکے کے بعد ڈیرہ مراد جمالی اورسبی کے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق زخمیوں کی تعداد 40 سے زائد ہوچکی ہے جن میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ جمعرات کا دن ہونے کی وجہ سے درگاہ میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ درگاہ میں عرس جاری تھا اور اسی دوران دھماکا ہوا۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس فروری میں بھی سیہون شریف میں درگاہ لعل شہباز قلندر میں خود کش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 88  افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ اس سے قبل نومبر 2016 میں بلوچستان ہی میں درگاہ شاہ نورانی میں دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 52 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button