سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف بغاوت کے مقدمے کی درخواست سماعت کے لیے منظور

لاہور 5 اکتوبر
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف بغاوت کے مقدمے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سردار احمد نعیم نے درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار جواد اشرف کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف نے عدالت سے نااہلی کے فیصلے کے بعد اسلام آباد سے لاہور تک ریلی نکالی اور ریلی کے دوران عدلیہ اور قومی سلامتی کے اداروں کے مخالف تقاریر کیں۔
درخواست گزار کے مطابق سابق وزیر اعظم نے تقاریر میں عدلیہ اور قومی سلامتی کے اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی اور قوم کو اداروں کیخلاف بغاوت پر اکسایا ،نواز شریف کی یہ تقاریر بغاوت کے زمرے میں آتی ہیں،مقدمہ کے لیے درخواست دی لیکن پولیس اپنی قانونی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی ۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدلیہ کو نشانہ بنانے کے مجرمانہ فعل میں نوازشریف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔عدالت نے شہری کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ایس ایچ او ڈیفنس سے تحریری رپورٹ طلب کرلی اور سماعت 6نومبر کے لیے ملتوی کردی۔