ختم نبوت کا لفظ بدلنے والے کوکابینہ سے نکال دیں: شہباز شریف
لاہور: (نیوزوی او سی) مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج ہر جگہ بجلی موجود ہے، آج لوڈ شیڈنگ کا کہیں نام و نشان نہیں، میں ملک میں بجلی کی کمی پوری کرنے میں مصروف تھا اس لئے این اے 120 کے لوگوں کے پاس نہیں آ سکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی بے شمار انتخابات لڑے، این اے 120 کے الیکشن پر پورے پاکستان کی نظر تھی، تاریخی کامیابی حاصل ہوئی، 2018ء کے الیکشن میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ کارکنوں نے شہباز شریف کے خطاب میں بھرپور شور کیا۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نیچے بیٹھ جائیں لیکن کوئی نہ مانا۔ شہباز شریف نے نعرے لگانے والے کارکنوں سے تنگ آ کر ماتھے پر ہاتھ بھی مارے مگر بات نہ بنی۔ وزیر اعلیٰ نے پرویز ملک اور ان کی پوری ٹیم کو این اے 120 کا الیکشن جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سے پہلے 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، نواز شریف کی لیڈرشپ میں لوڈ شیڈنگ کم ہوئی اور میں اسی کام پر لگا ہوا تھا، لوکاٹ اور چھوہارے نہیں بیچ رہا تھا۔ انہوں نے عمران خان سے استفسار کیا کہ خان صاحب آپ نے کے پی میں کتنی بجلی پیدا کی؟ پشاور میں ڈینگی آیا تو خان صاحب پہاڑوں پر چڑھ گئے، پہاڑوں پر اس لئے چڑھے کہ ڈینگی نہ آ جائے، جس لیڈر کا یہ حال ہو اس نے پاکستان کیا چلانا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ ختم نبوت کے معاملے پر نواز شریف نے آج فوری ایکشن لیا، جس نے یہ لفظ بدلا اسے کابینہ سے نکال دیا جائے۔