نیب ریفرنس: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فرد جرم کی کارروائی چیلنج کر دی
اسلام آباد: (نیوز وی او سی) اسحاق ڈار کی جانب سے اثاثہ جات کیس میں فرد جرم عائد کرنے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کا حکم نامہ معطل کرنے کی استدعا کر دی۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے اثاثہ جات کیس میں احتساب عدالت کے 27 ستمبر کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، اسحاق ڈار کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ فردجرم عجلت میں عائد کی گئی، چیئرمین نیب اور احتساب عدالت کو فریق بنایا گیا ہے، فرد جرم عائد کرنے کے فیصلے کو دوبارہ دیکھا جائے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 27 ستمبر کے حکم نامہ میں قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے، فیصلے پر نظر ثانی کی جائے اور فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کا حکم نامہ معطل کیا جائے، درخواست میں اسحاق ڈار نے احتساب عدالت میں ٹرائل رکوانے کی بھی استدعا کی ہے۔