سی پیک کے باعث پوری ساحلی پٹی اور بالخصوص گوادر پورٹ کی سیکیورٹی کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے ۔ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ
کراچی /گوادر 28 ستمبر
(بشیر باجوہ بیوروچیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
سی پیک کے باعث پوری ساحلی پٹی اور بالخصوص گوادر پورٹ کی سیکیورٹی کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے ، بحریہ مغربی ساحل پر قائم بحری اثاثوں اور تنصیبات کے ساتھ ساتھ سی پیک کے بحری جزو کو بھی بھر پور سیکیورٹی فراہم کرتی رہے گی
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کا گوادر میں تیسری فورس پروٹیکشن بٹالین کے ہیڈکوارٹرز اور دیگر انفرا سٹرکچر کے تعمیراتی کام کی افتتاحی تقریب سے خطاب
کراچی /گوادر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہاہے کہ سی پیک کے باعث پوری ساحلی پٹی اور بالخصوص گوادر پورٹ کی سیکیورٹی کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے ، پاک بحریہ مغربی ساحل پر قائم بحری اثاثوں اور تنصیبات کے ساتھ ساتھ سی پیک کے بحری جزو کو بھی بھر پور سیکیورٹی فراہم کرتی رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کی تیسری فورس پروٹیکشن بٹالین کی نئی عمارت کے تعمیراتی کام کا آغاز کردیا گیا ۔
اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب بدھ کو گوادر میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ اس موقع پرمہمان ِ خصوصی تھے۔ تقریب گاہ آمد پر کمانڈ رکوسٹ رئیر ایڈمرل عبدالعلیم نے مہمانِ خصوصی کا خیر مقدم کیا۔ تیسری فورس پروٹیکشن بٹالین پاک میرینز کا ایک آپریشنل جزو ہے جسے مارچ 2013ء میں قائم کیا گیا۔ اس کے قیام کا مقصد گوادر پورٹ کے ساتھ ساتھ گوادر شہر اور ساحلی علاقوں میں قائم حساس تنصیبات سمیت خشکی پر قائم بحری ڈھانچے کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
یہ بٹالین اپنے حلقہء ذمہ داری میں اینٹی ایمفی بئیس آپریشنز اور قدرتی آفات کی صورت میں امدادی آپریشنز کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ تیسری فورس پروٹیکشن بٹالین کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ نے گذشتہ سال دسمبر میں گوادر پورٹ اور ملحقہ بحری راستوں کی حفاظت کے لیے ٹاسک فورس 88بھی قائم کی ہے۔ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری ( سی پیک ) سے منسلک منصوبوں کا استحکام اور ان سے حاصل ہونے والے یقینی فوائد اس عظیم منصوبے کے بحری جزو کی سیکیورٹی سے ہی وا بستہ ہیں۔
لہذا میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانا پاک بحریہ کی اہم ذمہ داری ہے جس میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید اضافہ ہوتا جائے گا۔ پاکستان نیوی اس چیلنج سے عہدہ برآ ہونے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا کہ پاک، چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک)کے باعث پوری ساحلی پٹی اور بالخصوص گوادر پورٹ کی سیکیورٹی کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے پاک بحریہ کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مغربی ساحل پر قائم بحری اثاثوں اور تنصیبات کے ساتھ ساتھ سی پیک کے بحری جزو کو بھی بھر پور سیکیورٹی فراہم کرتی رہے گی۔ نیول چیف نے گوادر اور اورماڑہ میں قائم پاک بحریہ کے یونٹس اور تنصیبات کا دورہ بھی کیا اور وہاں تعینات پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے حوالے سے ان کے بلند حوصلے اور لگن کو سراہا۔تیسری فورس پرو ٹیکشن بٹالین کی عمارت کے تعمیراتی کام کے آغاز کی افتتاحی تقریب میں علاقے کی معزز شخصیات، پاک بحریہ کے افسر وں اور جوانوں اور دیگر مسلح افواج کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔