مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی نے آفتاب سلطان کو چیئرمین نیب بنانے کیلئے سرجوڑلئے ہیں
اسلام آباد 27 ستمبر
(بشیر باجوہ بیوروچیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
باخبرذرائع سے معلوم ہواہے کہ مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی نے انٹیلی جنس بیوروکے سربراہ آفتاب سلطان کوچوہدری قمرالزمان کی جگہ چیئرمین نیب بنانے کیلئے سرجوڑلئے ہیں ،آفتاب سلطان نے چندروزپہلے لندن کاچارروزہ دورہ بھی کیااورسابق وزیراعظم میاں نواززشریف کومسلم لیگی ایم این ایزکے مختلف رابطوں پر اور تحریک انصاف کے جوڑتوڑپرتفصیلی بریفنگ دی تھی ۔
نیب کے شکنجے کوڈھیلارکھنے کیلئے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے آفتاب سلطان کوچیئرمین نیب مقررکرنے کاگرین سگنل بھی دیدیاہے ،جبکہ اس حوالے سے مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کے درمیان انتہائی محتاط رابطے بھی جاری ہیں ۔مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کی کوشش ہے کہ اس سے پہلے کہ تحریک انصاف اورایم کیوایم مل کراپوزیشن لیڈرسیدخورشیدشاہ کی جگہ اپنااپوزیشن لیڈرلے آئیں اس سے پہلے پہلے دونوں جماعتیں آئینی تقاضے پورے کرتے ہوئے آفتاب سلطان کوچیئرمین نیب کے عہدے پربٹھادیں۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی حکمت عملی یہ ہے کہ آفتاب سلطان کوچیئرمین نیب کا عہدہ دیکراحتساب عدالتوں میں مقدمات کی سماعت کوسست کرکے اپنے لئے راستے ہموارکئے جائیں ۔دوسری طرف تحریک انصاف نے خطرے کوبھانپتے ہوئے ایم کیوایم کے علاوہ مسلم لیگ ق سے بھی رابطہ کیاہے تاکہ اپوزیشن لیڈرکادھڑن تختہ کرکے مسلم لیگ ن کے عزائم خاک میں ملادیئے جائیں ۔
اس وقت حکومت اورتحریک انصاف کے درمیان بیک وقت دوعہدوں پرجنگ جاری ہے ،حکومت اپوزیشن لیڈڑسیدخورشیدشاہ کوبرقراررکھ کراپنی مرضی کاچیئرمین نیب مقررکرنے کیلئے سرتوڑکوششیں کررہی ہے جبکہ تحریک انصاف اپوزیشن لیڈرکوتبدیل کرکے غیرجانبدارچیئرمین نیب لانے کی جدوجہد کررہی ہے ۔ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس بیوروکے سربراہ آفتاب سلطان شریف فیملی کے انتہائی معتمدخاص سمجھے جاتے ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ اپنے حالیہ دورہ لندن کے دوران میاں نوازشریف اورآفتاب سلطان نے امریکن لابنگ فرم ’’وین سنٹ روبیرٹی گلوبل روبیرٹی‘‘کوفیس کی ادائیگیوں بارے لائحہ عمل پربھی تبادلہ خیالات کیاتھا۔