مشینی انداز میں کام کرنے کی قائل نہیں : ماریہ واسطی
کراچی (فلم رپورٹر)اداکارہ و پروڈیوسر ماریہ واسطی نے کہا کہ معیاری پروڈکشن فنکار کو بھی ایک نئی زندگی دینے کا سبب بنتی ہے ۔ اچھا کام کرنے کیلئے وقت کا درست استعمال ضروری ہوتا ہے سکون سے کام کرنے کی قائل اور اچھے سکرپٹ تلاش کرتی رہتی ہوں تاکہ اسے پورا وقت دے سکوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئی ڈرامہ سیریل مالکن کے سیٹ پر کیا ۔ ٹی وی ڈراموں میں کم کام کرنے حوالے سے انہوں نے کہا میں مشینی انداز میں کام کرنے کی قائل نہیں مشقت کے بجائے تخلیقی کام پر زور دیتی ہوں اداکاری کوئی مزدوری نہیں ہے ، اس میں آپ کو اپنے اندر کے جذبات و احساسات کو گرفت میں رکھنا ہوتا ہے ، آپکے اندر ٹو ٹ پھوٹ ہوتی ہے اور اپنے موڈ کو بدلنا ہوتا ہے اگر ایسا بار بار کرینگے تو بناوٹ آ جائیگی، اگرکسی ایک ہی کردار کو ایک وقت میں کیا جائے تو آپ اپنے تمام احساسات کو اس میں سمو سکتے ہیں۔آپ کو بار بار اپنا موڈ بدلنا نہیں پڑیگا اور نہ ہی ایک کیفیت سے نکل کر دوسری کیفیت میں جانا ہوگا۔