پاکستان

رکن پنجا ب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پنجاب اسمبلی میں کالاباغ ڈیم بنانے کے حق میں قرارداد جمع کرادی

لاہور 24 ستمبر 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
پاکستان میں بجلی کی بڑھتی طلب کے پیش نظر کالا باغ ڈیم کا قیام وقت کی ضرورت بن چکا ہے،قرار داد کا متن
مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجا ب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کالاباغ ڈیم بنانے کے حق میں پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں بجلی کی بڑھتی طلب کے پیش نظر کالا باغ ڈیم کا قیام وقت کی ضرورت بن چکا ہے،سیاسی و مذہبی جماعتوں کو آپس کے اختلافات ختم کرکے قومی مفاد کے میگا پرجیکٹ پر آل پارٹی کانفرنس بلانی چاہیے،ہمارے ہمسایہ ملک بھارت نے دنیا کے دوسرے بڑے ڈیم کا افتتاح کردیا ہے لیکن ہمارے ایک ڈیم پر گزشتہ چالیس سال سے اختلافات ختم نہیں ہورہے، اگر کالا باغ ڈیم سمیت دیگر نئے آبی ذخائر تعمیر ہو جائیں تو پاکستان میں سبز انقلاب آ جائے گا جس سے ملکی معیشت مضبوط ہو جائے گی۔
قرار داد میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمارے موجودہ آبی ذخائر میں پانی ذخیرہ کرنے کی استعداد دن بدن کم ہو رہی ہے اس بات میں بھی کوئی شبہ نہیں کہ 2025 تک اگر نئے آبی ذخائر تعمیر نہ کیے گئے تو ملک میں پانی کی قلّت بحرانی کیفیت اختیار کر سکتی ہے لہذاپانی کی قلّت سے بچنے کیلئے کالا باغ ڈیم ،دیا مر،بھاشا،مہمند،اکھوڑی،بونجی،کرم تنگی،منڈا،داسوسمیت دیگر ڈیمز فوری تعمیر کیے جائیں۔
یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ حکومت نئے آبی ذخائر کی تعمیر کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرے اور جس طرح تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو دہشت گردی کے خلاف ایک صفحے پر لایا گیا تھا اسی طرح نئے آبی ذخائر کی تعمیر کے حوالے سے بھی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اکٹھا کیا جائے ۔قرار داد میں کہا گیا کہ آبی ذخائر کی تعمیر کو سیاست کی بھینٹ نہ چڑھانے دیا جائے،تمام سیاست دان اور مذہبی رہنما اس اہم قومی مسئلے کے حل اور ملک کے وسیع تر مفاد میں اپنی سوچ کو تبدیل کریں اور تمام تر سیاسی و مذہبی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آبی ذخائر کی تعمیر پر اتفاق کا مظاہرہ کریں کیونکہ پاکستان کی بقاء و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کا راز کالا باغ ڈیم سمیت نئے آبی ذخائر کی تعمیر میں ہی پوشیدہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button