ایڈیٹرکاانتخاب

قطر ریاض سمجھوتے میں کیے گئے وعدے ایفاء کرے ، سعودی وزیر خارجہ

نیویارک(نیوز وی او سی)سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے دہشت گردی مخالف گروپ چار کے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ قطر ریاض سمجھوتے میں کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے اور خطے میں دہشت گردی کے لیے مالی معاونت اور دوسرے ممالک کے داخلی امور میں مداخلت کا سلسلہ بند کردے ۔وہ نیویارک میں ہفتے کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے بہترویں سالانہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔انھوں نے اپنی تقریر میں عرب ممالک کے قطر کے ساتھ جاری تنازع ، مسئلہ فلسطین ،یمن میں جاری بحران اور میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف برمی سیکیورٹی فورسز کی انسانیت سوز کارروائیوں کے حوالے سے اظہار خیال کیا ہے ۔سعودی وزیر خارجہ نے عالمی لیڈروں کے اجتما ع سے تقریر میں دوٹوک الفاظ میں کہا کہ قطر کی جانب سے دہشت گرد گروپوں کی حمایت سے خطہ عدم استحکام سے دوچار ہوا ہے ۔اس کے برعکس سعودی عرب دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور یہ حمایت جاری رکھے گا۔انھوں نے کہا کہ حوثی ملیشیا نے ایران کی مدد سے یمنی دارالحکومت صنعاء اور دوسرے علاقوں پر قبضہ کیا تھا اور یمن کی صورت حال پورے خطے کے لیے ہی خطرے کا موجب ہے ۔تاہم انھوں نے واضح کیا کہ صرف کسی فوجی حل سے یمن میں جاری بحران کا خاتمہ نہیں ہوگا۔انھوں نے مشرقِ وسطیٰ کے دیرینہ تنازع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسئلہ فلسطین کے دوریاستی حل میں یقین رکھتے ہیں اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام چاہتے ہیں جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہوگا۔انھوں نے میانمار حکومت کی روہنگیا مسلمانوں کے خلاف جبر وتشدد کی پالیسی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سلسلہ بند کیا جائے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button