باپ نے غیرت کے نام پر 2بیٹیوں کو قتل کردیا
پشاور 24 ستمبر 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں باپ نے غیرت کے نام پر 2 بیٹیوں کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق دوہرے قتل کا واقعہ 20 ستمبر کو پشاور کے علاقے آچار کلی میں پیش آیا۔بالا منی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) فضل واحد کے مطابق عبدالغنی نامی شخص نے اپنی 2 بیٹیوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا،قتل کی گئی لڑکیوں میں 20 سالہ شمیم اور 10 سالہ نورین شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم نے گرفتاری کے بعد جرم کا اعتراف کرلیا۔ڈی ایس پی فضل واحد نے بتایا کہ ملزم عبدالغنی کے بیٹے نے واردات سے متعلق بتایا اور ان کی فریاد پر مقدمہ درج کیا گیا۔پولیس کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے متعدد مقامات پر چھاپے مارے، اور ملزم کو واردات کے 2 دن بعد پشاور کے علاقے موسم گھاری سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم عبدالغنی نے بیٹیوں کو کئی گھنٹوں تک گھر سے باہر رہنے پر غیرت میں آکر قتل کیا۔خیال رہے کہ گزشتہ برس 6 اکتوبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں غیرت کے نام پر قتل اورانسداد عصمت دری کے بل پاس کیے گئے تھے۔ آنر کلنگ بل کے تحت خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والے ملزمان کے لیے سخت سزائیں تجویز کی گئی تھیں۔نئے قانون کے تحت ملزم کو اس وقت ہی سزا معاف ہوسکتی ہے، جب متاثرہ خاندان کے اہل خانہ اسے معاف کریں، تاہم تاحال غیرت کے نام پر قتل کرنے والے ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی جاتی ہے