ریجنل پولیس آفیسر سلطان اعظم تیموری اور سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان کا امام بارگاہوں سمیت شہر بھر کا وزٹ
گوجرانوالہ 24 ستمبر 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
ریجنل پولیس آفیسر سلطان اعظم تیموری اور سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے اہم امام بارگاہوں کے وزٹ کے دور ان منتظمین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ایس او پی کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔کسی کو اس امر کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ مجلس اور جلوس میں شاملان کے لئے صرف ایک راستہ بنوایا جائے گا۔جہاں سے چیکنگ کے بغیر کسی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی ۔کم از کم تین پوائنٹس پر فزیکل چیکنگ کی جائے گی۔پارکنگ دو سو گز دور کی جائے گی ۔انتظامیہ کی جانب سے ہر مجلس پر کم از کم پانچ رضاکار تعینات کئے جائیں گے ۔جلوس اور مجلس کی جگہ پر ر وشنی کا مناسب انتظام ہو گا ۔ جلوس کے روٹ کی پابندی کی جائے گی۔ڈیوٹی پر مامور رضاکاروں کی سپیشل سٹکر والے کارڈ جاری کئے جائیں گے۔فرقہ وار یت اور اشتعال ا نگیزی پر سخت پابندی ہو گی ۔وال چاکنگ اور قابل نفرت مواد کی نشر و اشاعت کی سخت نگرانی کی جائے گی ۔اس موقع پر انہوں نے سنےئر پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی پر ر وانہ کرتے وقت جوانوں کو ڈیوٹی بارے خصوصاً بریف کیا جائے اور جاری کیا جانے والا اسلحہ بھی چیک کیا جائے ۔آخر میں انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ وقت کا خاص خیال رکھیں ۔جوانوں کو بروقت ڈیوٹی پر روانہ کیا جائے اور کسی بھی مجلس یا جلوس کو ٹائمنگ کی خلاف ورزی نہ ہونے دی جائے ۔ خلاف ورزی پر مطابق ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے بعد ازاں شہر کی اہم سڑکوں ،چوراہوں اور روٹس کا بھی وزٹ کیا اور جرائم و حالات سے متعلق آگاہی حاصل کی ۔