کینڈین جوڑے کی75برس بعد ایک ہی دن اکٹھے دنیا سے رخصتی
ٹورنٹو 23 ستمبر 2017
(نصیر اے ظفر ریزیڈینٹ ایڈیٹر نیوز وائس آف کینیڈا)
کینڈین جوڑے کی75برس بعد ایک ہی دن اکٹھے دنیا سے رخصتی
دونوں کو سانس کی تکلیف پر ہسپتال میں داخل کرایاگیا،پہلے بیوی اورپھر چند گھنٹوں بعد شوہر بھی چل بسا
کینیڈا کے ایک سابق فوجی اور ان کی برطانوی اہلیہ 75 برس تک ایک ساتھ زندگی گزارنے کے بعد اس دنیا سے ایک ہی دن رخصت ہوگئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کینیڈا کے ایک ہسپتال میں ان دونوں کا انتقال ہوا۔ ڈاکٹروں کے مطابق دونوں کے انتقال میں صرف پانچ گھنٹوں کا فرق تھا۔انھوں نے حال ہی میں شادی کی 75 ویں سالگرہ کا جشن منایا تھا۔
اس جوڑے نے دوسری جنگ عظیم کے دوران شادی کی تھی۔ ان کی پہلی ملاقات سنہ 1941 میں لندن کے پاس ایک ڈانس ہال میں ہوئی تھی۔94 سالہ جین سپیئر کو نمونیا کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ایک دن بعد ان کے 95 سالہ شوہر جارج سپیئر کو بھی ہسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ہسپتال کا عملہ جارج سپیئر کو بھی اسی منزل پر منتقل کرنے کی تیاری کر رہا تھا جہاں ان کی بیوی کا علاج چل رہا تھا لیکن ایسا کرنے سے پہلے ہی جین صبح چار بجے چل بسیں۔ اس کے چند گھنٹوں کے بعد ہی ان کے شوہر جارج نے بھی آخری سانس لی۔