حکومت نے فاطمہ جناح میڈیکل کالج کو تدریسی کالج کا درجہ دے دیا،نوٹیفکیشن ہائی کورٹ میں پیش
لاہور(نماہندہ خصوصی )لاہور ہائیکورٹ میں فاطمہ جناح میڈیکل کالج کوفاطمہ جناح یونیورسٹی کے تدریسی کالج کا درجہ دینے کا پنجاب حکومت کا نوٹیفکیشن پیش کردیا گیا جس کے بعد جسٹس شاہد وحید نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طالبات کو تسلیم شدہ ڈگریاں جاری نہ کرنے کے کیس میںوفاقی حکومت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب راجہ عارف نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی بطور تدریسی کالج کابینہ کی منظوری کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے،انہوں نے نوٹیفکیشن کی کاپی عدالت میں پیش کی، پی ایم ڈی سی کے لیگل ایڈوائزر بیرسٹرعمر چودھری نے عدالت کو بتایا کہ نوٹیفیکیشن موصول ہوتے ہی رجسٹریشن کے عمل مکمل کر کے وفاقی حکومت کو سفارشات بھجوا دی ہیں، درخواست گزاروںکے وکیل چودھری احد نعیم نے موقف اختیارکیا کہ فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی کے قیام کے باوجود ابھی تک یونیورسٹی رولز نہیں بنائے گئے،انہوں نے بتایا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طالبات تسلیم شدہ ڈگریاں نہ ملنے پرپریشان ہیںجس پر عدالت نے کیس کی سماعت آج22ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔