سائنس و ٹیکنالوجی

رات میں چمکنے اور مقناطیسی قوت رکھنے والی کپاس تیار

تل ابیب، اسرائیل: ماہرین نے مختلف کیمیائی مرکبات کی مدد سے ایسی کپاس تیار کرلی ہے جو رات میں نہ صرف روشن نظر آتی ہے بلکہ مقناطیسی قوت کی بھی حامل ہے۔
اسرائیل میں واقع ویزمان انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین نے تجربہ گاہوں میں تیار کردہ ایک آمیزہ (مکسچر) کپاس میں شامل کیا جس سے کپاس کے نئے استعمال اور طریقوں میں مدد مل سکے گی۔ رات میں چمکنے والی کپاس سے اندھیرے میں کام کرنے والے ملازم اور مصروف شاہراہوں کے اہلکار فائدہ اٹھاسکیں گے جبکہ مقناطیسی خصوصیات والے کپڑوں کو ٹیکنالوجی سے بھرپور لباس کی تیاری یا پھر ڈیجیٹل معلومات جمع کرنے میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح لباس بھی کسی فون اور سرور کی طرح ڈیٹا محفوظ رکھنے کے قابل ہوسکے گا۔
اس سے قبل لباسوں کو جدید اور اسمارٹ بنانے کےلیے ان پر خاص پرتیں یا پولی ایسٹر کا اضافہ کیا جاتا رہا ہے لیکن اب یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ماہرین نے لباس کے دھاگوں میں چند اہم خواص پیدا کئے ہیں اور اس لحاظ سے یہ ایک اہم پیش رفت ہے۔ ویزمان انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین نے کہا ہے کہ پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ لباس کے خام مال یعنی خود کپاس میں بنیادی تبدیلی کی گئی ہے اور اس سے خاص مٹیریل بنایا گیا ہے۔
ماہرین نے کپاس کو اس قابل بنایا ہے کہ وہ شکر کو جذب کرتے ہوئے اس مکسچر کو بھی اپنا حصہ بناتی ہے جس میں گلوکوز کے سالمات کو چمکنے والی ڈائی میں گھولا گیا ہے۔ اس کے بعد کپاس کے بیج میں بیضے کا حصہ بنادیا گیا۔ اب اس بیج سے جو کپاس پیدا ہوئی وہ رات میں روشنی خارج کرتی تھی اور اس ٹیکنالوجی میں کوئی جینیاتی طریقہ استعمال نہیں کیا گیا۔
اس کے بعد جب کپاس پر خاص روشنی ڈالی گئی تو کپاس سبز روشنی خارج کرنے لگی۔ ماہرین نے اسی طریقے سے پودے میں ایک کمیاب معدن ڈسپروسیئم داخل کی تو کپاس کے ریشوں میں مقناطیسی خواص پیدا ہوگئے لیکن اس تحقیق میں کپاس کے ریشے کچھ کمزور ہوئے اور خود اس کا معیار بھی گرا ہے جسے درست کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button