استنبول کو اقوام متحدہ کا مرکز بنا دیا جائے ، ترک صدر
انقرہ (اے پی پی) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ہم علاقائی مرکز بننے کی راہ میں ثابت قدمی سے آگے بڑھنے والے استنبول کو اقوام متحدہ کا بھی مرکز بنانے کی پیش کش کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی 72 ویں اجلاس میں شرکت کی غرض سے نیو یارک میں موجود ترک صدر نے اقوام متحدہ کے مرکزی دفتر کے سامنے نئے ترکش ہاؤس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں بدلتی دنیا کے ساتھ چلنے کیلئے اصلاحات کرنا لازمی ہے ، ایجنڈے میں اصلاحات کا معاملہ بھی شامل ہے ، تاہم یہ ہماری سوچ سمجھ کے مطابق ہونے والی اصلاحات نہیں ہیں، اصل چیز اس ادارے کے ڈھانچے میں اصلاحات لانا ہے ، جس کو عملی جامہ نہ پہنانے تک یہ ادارہ مؤثر طریقے سے کام نہیں کر سکتا، انہوں نے مزید کہا کہ اراضی اور عمارت کو توسیع دیتے ہوئے ترکی کے نقطہ نظر کے مطابق ترکش ہائوس کی تعمیر کے فیصلے کو آج عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے ، میں امید کرتا ہوں کہ یہ دفتر اپنے مقاصد کے مطابق خدمات انجام دیگا۔