چنیوٹ میں ا یڈز کا حملہ خطرناک صورتحال اختیار کر گیا
چنیوٹ 15 ستمبر 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
پچاس کے قریب بچوں،خواتین ،بوڑھوں اور نوجوانوں میں ایڈز کا انکشاف،زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی نکلی گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران 360علاقہ مکینوں میں سے اب تک ملنے والی رپورٹس کے مطابق 42 لوگوں میں ایڈز کا انکشاف
ضلع چنیوٹ کے نواحی چک نمبر127بھٹی والا میں ا یڈز کا حملہ خطرناک صورتحال اختیار کر گیا۔پچاس کے قریب بچوں،خواتین ،بوڑھوں اور نوجوانوں میں ایڈز کا انکشاف۔زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی نکلی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع چنیوٹ کے نواحی چک نمبر127بھٹی والا میں ا یڈز کا وائرس شدت اختیار کرگیا ہے اور گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران 360علاقہ مکینوں میں سے اب تک ملنے والی رپورٹس کے مطابق 42 لوگوں میں ایڈز کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
علاقہ مکینوں کے سیمپل پی سی آر کے لاہور بھجوائے گئے تھے۔ڈائریکٹر ایڈز پروگرام ڈاکٹر عدنان کے مطابق 30 لوگوں میں پی سی آر پازیٹو آئی ہے،جبکہ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایڈز سے اب تک دو خاندانوں میں 17 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔اور اب تک اس موذی مرض سے چک نمبر127بھٹی والا میں ایڈز مریضوں کی تعداد 48ہوگئی۔ریسکیو1122چنیوٹ کے مطابق آج سات مزید مریضوں کولاہور سروسز ہسپتال علاج کے لیے منتقل کیا جارہا ہے۔
شفٹ ہونیوالے مریضوں میں تمام بچے شامل ہیں۔ جن میں ثوبیہ دختر ذوالفقار، عذراں دختر جعفر سمیت تین مریضوں نے لاہور جانے سے انکار کردیا۔ الائیڈہسپتال نے چار سالہ حسن علی، دس سالہ خالدہ اور سترہ سالہ یاسین میں بھی ایڈز کی تصدیق کردی ہے جبکہ حسن، خالدہ اور یاسین تینوں بہن حقیقی بہن بھائی ہیں۔ ایڈز مرض میں آئے روز اضافہ سے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔