کھیل

پاکستان کیخلاف کھیلنے سے گریزاں ممالک اپنی عوام کی خواہشات کا گلا گھونٹ رہے ہیں نجم سیٹھی

لاہور(اسپورٹس رپورٹر)چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان کیخلاف کھیلنے سے گریزاں ممالک اپنی عوام کی خواہشات کا گلا گھونٹ رہے ہیں،ساری دنیا پاکستانی ٹیم کو جانتی اور اس کی قدر کرتی ہے ،چیمپئنز ٹرافی جیت چکے اورآئندہ ہدف ورلڈ کپ کی فتح ہے ۔ قذافی اسٹیڈیم میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کو خوش آمدید کہتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی کرکٹ کو خوش آمدید کہنے کیلئے بے قرار ہے اور جو ممالک پاکستان سے نہیں کھیلنا چاہتے وہ اپنی کرکٹ اور عوام کی خواہشات کا گلا گھونٹ رہے ہیں اور انہیں یہ بات سمجھنا ہو گی کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کو واپس لانا چاہتے ہیں کیونکہ پوری دنیا پاکستانی ٹیم کو جانتی اور اس کی قدر کرتی ہے ۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جہاں آئی سی سی کے تعاون سے آزادی کپ کا انعقاد ممکن ہوا اور امید ہے کہ اس ایونٹ کی کامیابی کے بعد دیگر ممالک کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی جیت چکے لہٰذا اب اگلا ہدف ورلڈ کپ میں کامیابی ہے ۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کے بعد دوسری ٹیموں کی آمد کا یقین اس وجہ سے بھی ہے کہ ان کے پلان کو آئی سی سی اور جائلز کلارک نے بھرپور انداز سے سپورٹ کیا جس پر قذافی اسٹیڈیم میں گورننگ باڈی کیلئے خیر مقدمی نعرے بھی لگائے گئے ۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بھارت سے باہمی سیریز کیلئے ڈائیلاگ بہت ہو چکے اور اب آئی سی سی کو چاہئے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے ۔ ان کا کہنا تھا کہ فاٹا میں بھی اب کرکٹ اسٹیڈیم موجود ہے جہاں انٹرنیشنل میچز کے انعقاد کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن کراچی میں میچز کرانا ان کی اولین ترجیح ہے جس کیلئے نیشنل اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کرنے پر ڈیڑھ ارب روپے خرچ ہوں گے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button