کھیل

ڈیوڈ رچرڈسن کا سیکیورٹی پر اطمینان پاکستان میں گلوبل ایونٹس کی خوش خبری سنا دی

ورلڈ الیون کا دورہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے سفر کا آغاز اور اس کیلئے پی سی بی کی کوششیں قابل تعریف ہیں،سب کچھ ٹھیک رہا تو مستقبل میں گورننگ باڈی کے ٹورنامنٹس کا انعقاد بھی ممکن ہے
بھارت باہمی سیریز کیلئے رضامند نہ ہو تو پھر کچھ نہیں کر سکتے ،سفارتی سطح پر کوششوں کے بعد ہی دونوں ممالک مقابل آ سکتے ہیں،دنیا کو سمجھنا ہوگا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے ،چیف ایگزیکٹو آئی سی سی لاہور(اسپورٹس ڈیسک)آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے پاکستان میں گلوبل ایونٹس کے انعقاد کی خوش خبری سنا دی،ورلڈ الیون کا دورہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے سفر کا آغاز اور اس کیلئے پی سی بی کی کوششیں قابل تعریف ہیں،سب کچھ ٹھیک رہا تو مستقبل میں گورننگ باڈی کے ٹورنامنٹس کا انعقاد بھی ممکن ہے ، بھارت باہمی سیریز کیلئے رضامند نہ ہو تو پھر کچھ نہیں کر سکتے ،سفارتی سطح پر کوششوں کے بعد ہی دونوں ممالک مقابل آ سکتے ہیں،دنیا کو سمجھنا ہوگا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے ۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کیلئے پی سی بی اور پاکستانی سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے سفر کا آغاز ہے ،پاکستان کرکٹ کے معاملات اسی طرح درست سمت کی جانب بڑھتے رہے تو آئندہ چند برسوں میں یہاں آئی سی سی کے گلوبل ایونٹس کا انعقاد بھی ممکن ہے ۔پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی کے ساتھ قذافی اسٹیڈیم میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ماضی کے برعکس سیکیورٹی کی صورتحال خاصی بہترہوئی ہے جبکہ کرکٹ کی بحالی کیلئے پی سی بی کا کردار بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جس نے بہت زیادہ محنت کی ہے ۔بھارت کیخلاف باہمی سیریز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی بورڈ رضامند نہ ہو تو آئی سی سی بھی کچھ نہیں کرسکتی اور ایسی صورتحال میں سفارتی سطح پر کوششوں کے بعد ہی پاک بھارت سیریز ممکن ہو سکتی ہے ۔ڈیوڈ رچرڈسن نے پاکستانی عوام کا میچ کو سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور ورلڈ الیون کے دورے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستانی سیکیورٹی ایجنسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اہم ہے اور اب اس سلسلے کا آغاز ہونے پر خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔چیف ایگزیکٹو آئی سی سی نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں بہت بہترہوئی ہے جس کے پیش نظر ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان ممکن ہوا تاہم فی الحال تمام تر توجہ پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں کرانے پر مرکوز ہے اور سب کچھ اسی طرح ٹھیک چلتارہا تو آئی سی سی کا گلوبل ایونٹ بھی پاکستان میں ہوسکتا ہے جس کیلئے گورننگ باڈی رکن ممالک کی ٹیموں کو بھی پاکستان لانے کی کوشش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کرکٹ سے محبت کرنے والے ہیں جس کا ایک ثبوت یہ بھی ہے کہ پاکستانی ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئی اور اس نے چیمپئنز ٹرافی بھی اپنے نام کی جو ملک میں کرکٹ نہ ہونے کے ساتھ بہت بڑا کارنامہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کمیونٹی کا ایک ناگزیر حصہ ہے اور وہ یہاں عالمی کرکٹ کی بحالی کیلئے سنجیدہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کا مسئلہ صرف پاکستان میں نہیں بلکہ دنیا کے ہر کونے میں ہے اور کرکٹ کے علاوہ تمام کھیلوں کو بھی سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جائلز کلارک کی مثبت رپورٹ کے بعد آئی سی سی نے ورلڈ الیون کو پاکستان بھیجنے کی ہامی بھری اور دونوں ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی ایک طویل مرحلہ ہے جس کیلئے مرحلہ وار اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے دیگر رکن ممالک کے دورے اس حوالے سے اہمیت کے حامل ہوں گے جبکہ پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد سے بھی عالمی کمیونٹی کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوگا۔ انہوں نے بھرپور سپورٹ پر میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان کی سیکیورٹی ایجنسیاں جس کام کو ممکن بنا رہی ہیں اس میں میڈیا اور عوام کے مثبت کردار کیلئے بھی وہ ان کے شکرگزار ہیں۔ ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا تھا کہ میدان میں آنے والے شائقین نے دونوں ٹیموں کی سپورٹ کر کے جو موثر کردار نبھایا اس کے سبب یہ سیریزیقینی طورپرپاکستان میں ہرقسم کی کھیل کی سرگرمیوں کو بحال کرنے میں مدد گار ثابت ہوگی کیونکہ کرکٹ فیملی یکجا ہے اورانٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں سب ایک ساتھ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مقابلے میں بھارت کو ترجیح دینے کی بات درست نہیں کیونکہ پاکستانی عوام کی کرکٹ سے محبت سب کے سامنے ہے البتہ آئی سی سی میں بھارتی اثر و رسوخ بہت زیادہ ہے مگر پاک بھارت سیریز سیاسی کشیدگی کی وجہ سے نہیں ہورہی اور آئی سی سی اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button