چیمپئنزٹرافی کے بعد یہ میچ بہت زیادہ اہم تھا:سرفراز احمد
لاہور(اسپورتس رپورٹر)آزادی کپ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے معرکے میں فتحیاب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد یہ میچ ان کیلئے بہت زیادہ اہم تھا کیونکہ کھلاڑی کافی عرصے کے بعد کھیل رہے تھے ۔ٹیم کی کارکردگی کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کچھ کمزوری دکھائی دی لیکن وہ آئندہ میچوں میں اسے دور کرنے کی پوری کوشش کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس اہم میچ کو بنانے میں بابر اعظم اور احمد شہزاد کی بیٹنگ نے اہم کردار ادا کیا اور پاکستان کو کامیابی ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے کھلاڑی بہت زیادہ باصلاحیت ہیں اور اگر وہ اسی طرح عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے تو ان کا مستقبل بھی تابناک ہوگا۔قومی کپتان نے شائقین سے درخواست کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں میچز دیکھنے آئیں۔ ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈو پلیسز کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم اس میچ میں بہت اچھا کھیلی اور حریف ٹیم کا اسکور دیکھ کر اندازہ تھا کہ رنز بن جائیں گے لیکن بدقسمتی سے کچھ رنز کی کمی رہ گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بالنگ میں بہت زیادہ ورائٹی ہے جس کیخلاف رنز کا حصول آسان نہیں لیکن کوشش یہی ہوگی کہ دوسرا میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ آج بھی بہت بڑی تعداد میں لوگ میچ دیکھنے گراؤنڈ میں آئے مگر امید ہے کہ اگلے میچز میں میدان مکمل طور پر بھر جائے گا۔ مرد میدان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ ذہن کو حاضر رکھتے ہوئے صورتحال کے مطابق کھیلتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے اس فارمیٹ میں اعداد و شمار بہترین ہیں اور اس میچ میں بھی انہوں نے پلان کے مطابق اپنا نیچرل گیم کھیلا اور کھلے مائنڈ سیٹ کے ساتھ اچھی پریکٹس نے کامیابی دلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ لمبی اننگز کھیل کر وہ تھکاوٹ کا شکار ہو گئے لیکن اپنی فٹنس پر کام کر رہے ہیں۔