ریفرنس کے بعد اسحاق ڈار استعفٰی دیں: عمران خان
اسلام آباد ( نیوز وی او سی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ن لیگ کی حکومت کی معاشی و اقتصادی کار کردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس کا ذمہ دار وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ نیب میں ریفرنس دائر ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے ،جو ظلم معیشت کیساتھ کیاگیا ایسا کوئی دشمن بھی نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت کے دور میں ہونیوالی سرمایہ کاری مشرف اور زرداری دور سے بھی کم رہی ،ان کی معاشی پالیسیاں قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکی ہیں ۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاحکومت امیروں سے ٹیکس نہیں لے رہی جبکہ غریبوں کا خون چوسا جارہا ہے ،ملک کا متوسط طبقہ سکڑ رہا ہے اور غربت بڑھ رہی ہے ، چیئرمین نیب کا کام کرپشن کو پکڑنا ہے لیکن ہمارے پیسے سے تنخواہ لینے والے نیب چیئرمین بڑی کرپشن پر پردہ اور چھوٹے چوروں کو پکڑ رہے ہیں ، ایف بی آر پرکرپٹ چیئرمین بٹھانے سے ٹیکس اکٹھا نہیں کیا جاسکتا۔عمران خان نے کہا وزیر خزانہ اسحاق ڈار پاکستان کے اقتصادی غارتگر ہیں ، نواز حکومت میں بہت کم سرمایہ کاری ہوئی، اتنی کم سرمایہ کاری ملکی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، مشرف اورزرداری کے دور میں بھی اس سے زیادہ سرمایہ کاری تھی، کرپشن کی وجہ سے پاکستان میں سرمایہ نہیں آ رہا، موجودہ حکومت آصف زرداری کی حکومت سے بھی زیادہ بدترین ہے ،اوپرسے نیچے تک لوگ پیسے بنانے میں لگے ہوئے ہیں ۔ہماری معیشت کا اتنا برا حال کبھی نہیں ہوا جتنا آج ہے ۔ پیپلز پارٹی نے 480 ارب روپے کے گردشی قرضے چھوڑے لیکن پاکستان جتنا مقروض آج ہے اتنا تاریخ میں کبھی نہیں تھا۔پاکستان کی برآمدات تباہ ہوگئی ہیں، پاکستان جس راستے پر جا رہا ہے وہ بہت خطرناک ہے ،برآمدات اور درآمدات میں 30 ارب ڈالر کا فرق آگیا ہے ۔ اسحاق ڈار بار بار کہتے رہے کہ ٹیکس ریونیو بڑھا دیا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اشیا ضروریہ، بجلی اور گیس پر ٹیکس بڑھانے کی وجہ سے ٹیکس ریونیو میں اضافہ کیا گیا ، چھوٹا سا طبقہ امیر اور عوام غریب سے غریب تر ہوتے جا رہے ہیں۔ملک میں اس وقت سب سے زیادہ انرجی بحران ہے ، حکمرانوں نے بجلی کی قیمت تک دگنی کر دی ہے ۔ عمران خان نے کہا اقتصادی راہداری سے فائدہ اٹھانے کیلئے اپنا ملک ٹھیک کرنا ہوگا۔عمران خان نے کہا پہلے قوموں کومقروض کیاجاتاہے اورپھرغلام بنایاجاتاہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان میں سرمایہ کاری نہ آنے کی سب سے بڑی وجہ کرپشن ہے ،ہر جگہ کمیشن مانگا جاتا ہے ، اوپر کرپشن ہوتی ہے اور اس کے بعد وزرا بھی کرپشن کرتے ہیں۔اس موقع پر اسد عمر نے کہا پاکستان میں بجلی اور گیس کی قیمتیں خطے میں دوسرے ممالک کی نسبت زیادہ ہیں،بجلی اور گیس پر تین نئے ٹیکس لگا دئیے گئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا حکومت سے ایل این جی معاہدے کی تفصیلات مانگ رہے ہیں ،تو جواب ملتا ہے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی خود اس کا جواب دینگے جبکہ ان سے رابطہ نہیں ہو رہا۔