شریف فیملی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف 4 مختلف ریفرنسز کی منظوری
اسلام آباد 5 ستمبر 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
چیئرمین نیب کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 6 ستمبر کو طلب، ریفرنسز کی منظوری کے فوری بعد 7 ستمبر کو احتساب عدالت اسلام آباد اور احتساب عدالت راولپنڈی میں یہ ریفرنس دائر کردیئے جائیں گے شریف فیملی کے خلاف تین ریفرنسز اور وزیر خزانہ کے خلاف ایک ریفرنس کی منظوری دی جائے گی
شریف فیملی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف 4 مختلف ریفرنسز کی منظوری کیلئے چیئرمین نیب کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 6 ستمبر کو طلب کرلیا گیا ہے۔ ریفرنسز کی منظوری کے فوری بعد 7 ستمبر کو احتساب عدالت اسلام آباد اور احتساب عدالت راولپنڈی میں یہ ریفرنس دائر کردیئے جائیں گے۔ ریفرنس دائر کرنے کیلئے سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن 8 ستمبر کو پوری ہورہی ہے نیب کا ایگزیکٹو بورڈ 6 ستمبر کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سیم تعلق تجویز کا جائزہ بھی لے گا۔
تفصیلات کے مطابق نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس کل 6 ستمبر کو چیئرمین نیب قمر الزمان چوہدری کی زیر صدارت ہوگا۔ اجلاس میں شریف فیملی کے خلاف تین ریفرنسز اور وزیر خزانہ کے خلاف ایک ریفرنس کی منظوری دی جائے گی۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ شریف فیملی کے خلاف ایون فیلڈ اپارٹمنٹس سے متعلق تیار ریفرنس کی منظوری کے ساتھ ساتھ عزیزیہ سٹیل مل ہل میٹل سٹیل ملز بارے ریفرنس کی منظوری دی جائے گی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے بابت ریفرنس تیار کیا گیا ہے ان چاروں ریفرنس کی منظوری 6 ستمبر کو دیئے جانے کے بعد 7 ستمبر کو انہیں احتساب عدالتوں میں دائر کردیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دو ریفرنس اسلام آباد احتساب عدالت اور دو ریفرنس راولپنڈی احتساب عدالت میں دائر کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ نیب ایگزیکٹو بورڈ 6 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں وزیر خزانہ کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے سے متعلق تجویز کا جائزہ بھی لے گا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ سپریم کورٹ نے شریف فیملی اور دیگر نامزد ملزمان کے خلاف 8 ستمبر تک ریفرنس فائل کرنے کی ڈید لائن مقرر کر رکھی تھی اور چند روز پہلے چیئرمین نیب چوہدری قمر الزمان نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی ڈیڈ لائن کے مطابق ریفرنس فائل ردیئے جائیں گے۔