جھوٹ اوربے بنیاد الزام تراشی کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے :شہبازشریف
لاہور 2 ستمبر 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
عوام جان چکے ہیں کہ بہتان تراشی کرنیوالے صرف ترقی روکنا چاہتے ہیں،دروغ گوئی کی سیاست ناکام رہے گی ملکی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ منصوبوں میں اربوں روپے بچائے گئے ہیں:وزیراعلیٰ پنجاب کی حافظ عبدالکریم سے گفتگو
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بے لوث عوامی خدمت مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا ہے۔ وسائل قوم کی امانت ہیں اور ایک ایک پائی دیانتداری کیساتھ فلاح عامہ کے منصوبوں پر خرچ کی جا رہی ہے۔منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار کو یقینی بنایا گیا ہے اور ہمارے منصوبے شفافیت میں اپنی مثال آپ ہیںاور ملکی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ منصوبوں میں اربوں روپے بچائے گئے ہیں۔
انہوںنے کہا کہ جھوٹ اور بے بنیاد الزام تراشی کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے اور عوام جان چکے ہیں کہ بہتان تراشی کرنے والے عناصر صرف ترقی روکنا چاہتے ہیں اوردروغ گوئی کی سیاست پہلے کامیاب ہوئی نہ آئندہ کامیاب ہو گی۔ جو لوگ عوام کی ترقی وخوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنا چاہتے تھے وہ سیاسی طور پر تنہا ہو چکے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے عوام صرف اور صرف ترقی و خوشحالی اور امن چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب تک جان میں جان ہے، عوام کی بے لوث خدمت کرتا رہوں گااورترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیرحافظ عبدالکریم سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔ چیئرمین بیت المال پنجاب سلمان منگلہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔