پاکستان کے راستے امریکی رسد معطل کرنے کی حکمت عملی
اسلام آباد 1 ستمبر 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
پاکستان کے راستے امریکی رسد معطل کرنے کی حکمت عملی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی میں طے کی جائے گی، 12ستمبر کو کمیٹی کا اجلاس طلب ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ، وزیرخارجہ ،مشیر قومی سلامتی اور اٹارنی جنرل خصوصی طور پر مدعو
پاکستان کے راستے امریکی رسد معطل کرنے کی حکمت عملی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی میں طے کی جائے گی، 12ستمبر کو کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف،مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل(ر) ناصر جنجوعہ اور اٹارنی جنرل آف پاکستان کو خصوصی دعوت پر مدعو کرلیا گیا، خارجہ امور، دفاع اور داخلہ امور کے اعلیٰ حکام پاک امریکہ تعلقات کی نئی ممکنہ جہت کے بارے میں حکومتی موقف سے آگاہ کریں گے۔
پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس 12ستمبر کو آئینی روم میں دوپہر ڈیڑھ بجے سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہو گا۔ دفاع، خارجہ اور داخلہ امور سمیت تمام وزارتوں اور اداروں کو اجلاس کی طلبی سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کی کارروائی کے دوران پاک امریکہ تعلقات، خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی پر قومی اسمبلی کی قرار داد اور سینیٹ کی سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس حوالے سے حکومت ممکنہ اقدامات سے آگاہ کرے گی۔ یاد رہے کہ امریکی صدر کے پاکستان پر عائد الزامات کی واپسی تک قومی اسمبلی نے متفقہ قرار داد کے ذریعے امریکہ سے پاکستان کے راستے فضائی و زمینی تعاون معطل کرنے کا مطالبہ کردیا گیا ہے، پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی عملدرآمد کی حکمت عملی طے کرے گی۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ ہفتے امریکی رسد کی معطلی کے معاملے پر پیش رفت متوقع ہے۔