دنیا کی پہلی میڈیکل ڈرون سروس کا آغاز
ڈوڈوما 1 ستمبر 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
تنزانیہ جنوری سے دواؤں اور خون کی ترسیل کے لیے دنیا کا سب سے بڑا ڈرون نیٹ ورک شروع کر رہا ہے جس کی مدد سے جان بچانے کے لیے پیراشوٹ کے ذریعے مطلوبہ سامان دور افتادہ طبی مراکز میں پہنچایا جائے گا۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق امریکہ اور دنیا کے دوسرے ملکوں کی ڈرون ساز کمپنیاں میڈیکل ڈرون سروس میں حصہ لینے میں دلچسپی لے رہی ہیں تاکہ کم مالی وسائل رکھنے والے ممالک طبی سامان کی ترسیل کے اخراجات اور وقت کو بچا سکیں۔
کیلی فورنیا کی زپ لائن کمپنی مشرقی افریقہ کے اس ملک میں ایک ہزار سے زیادہ طبی مراکز میں طبی سامان پہنچانے کے لیے ڈرون کی دو ہزار روزانہ پروازوں کا انتظام کر ے گی۔ڈرون کے ذریعے جو ادویات پہنچائی جائیں گی ان میں خون، ویکسین، ملیریا اور ایڈز سے بچاؤ کی دوائیں شامل ہیں۔تنزانیا میں اس پروگرام کی کامیابی کے بعد ایک ایسا ہی پروجیکٹ قریبی علاقے روانڈا میں بھی شروع کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ ملیریا تنزانیہ کا سب سے مہلک مرض ہے اور اکثر اوقات 5 سال سے کم عمر بچوں کو ملیریا اور خون کی کمی کی صورت میں خون کی ضرورت پڑتی ہے۔ مخصوص اور کمیاب گروپ کا خون نہ ملنے کی وجہ سے اکثر واقعات میں مریض ہلاک ہو جاتے ہیں۔