ایڈیٹرکاانتخاب

ہم کب تک کرائے کے آدمی بنے رہیں گے، شیخ رشید

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکا کے ساتھ بیک ڈور چینل کھولنے چاہئیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان نے سابق امریکی صدر رچرڈ نکسن کو چین کا دورہ کرایا، کب تک ہم کرائے کے آدمی بنیں رہیں گے، کوئلے کی دلالی میں منہ ہمارا ہی کالا ہوتا ہے، آپ نے ملا منصور کو مار دیا، امریکی پالیسی کا جواب مظاہروں سے دیا جارہا ہے، اسکول کے زمانے سے پتلے جلتے دیکھ رہا ہوں، اس کا فائدہ کیا ہوا، اپوزیشن کا بند کمرہ اجلاس بلائیں۔
شیخ رشید نے انکشاف کیا کہ ترکی میں ناکام بغاوت کے بعد ائرفورس کے 680 پائلٹس کو گرفتار کیا گیا۔ ترک حکومت نے پاکستان سے اپنے نئے پائلٹس کو ٹریننگ دینے کے لیے 3 پاکستانی پائلٹس بھیجنے کی درخواست کی لیکن امریکا نے منع کردیا، اور ہم صرف 3 پائلٹ بھی ترکی نہیں بھیج سکے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمان کے ساتھ جو سلوک ہورہا ہے اس پر عالمی برادری میں کوئی ردعمل نہیں آرہا، اگر یہ سلوک مسیحیوں کے ساتھ ہوتا تو صورت حال مختلف ہوتی، پاکستان کے اسلامی دنیا سے تعلقات اتنے برے کبھی نہیں تھے جتنے آج ہیں، کسی اسلامی ملک میں حتیٰ کہ جمعے، عید یا 27 ویں شب میں بھی کشمیریوں کے لیے دعا نہیں کی جاتی، میں نے سعودی عرب جاکر 27 ویں شب میں کشمیریوں کے لے دعا کروانے کی پوری کوشش کی جو ناکام ہوگئی، اسلامی دنیا کا سب سے بڑا اعزاز مودی کو دیا گیا، اگر پاکستانی حکومت بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتی کہ مودی مسلمانوں کو ذبح کرنے والا قصاب ہے، تو شاید آج یہ صورت حال نہ ہوتی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ کب تک ہم کرائے کے آدمی بنیں رہیں گے، ماضی میں سوویت یونین کے خلاف بڈھ بیر سے امریکی جاسوس طیارہ اڑا تو سوویت یونین نے پاکستان کو نشانے پر ہونے کی دھمکی دی۔ شیخ رشید احمد نے ایل این جی معاہدے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی سب سے مہنگی ایل این جی ہم نے خریدی ہے، ہر 700 میٹر کے فاصلے پر ہماری موٹر وے سوالیہ نشان ہے ، پاکستان امریکا کے ساتھ بیک ڈور چینل کھولے، میڈیا پر دفتر خارجہ سے متعلق خبریں شرمناک ہیں ، پاکستان میں دنیا کے سب سے بڑے دہشتگرد پکڑے گئے مارے گئے ، دنیا میں ایسا کوئی واقعہ نہیں جس کے ڈانڈے پاکستان سے نہ ملتے ہوں ، چین کے سوا پاکستان کے ساتھ کوئی نہیں کھڑا، روس کے بارے میں غلط فہمی کا شکار نہ رہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ بھارت ٹرمپ کو استعمال کررہا ہے اور اس نے پاکستان کو اندر سے تباہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، پاکستان کے خلاف مودی، افغانستان اور امریکہ کی سہہ رخی جنگ شروع ہو چکی ہے، ٹرمپ اور مودی کے بیانات میں مشابہت ہے، بھارتی آرمی چیف نے سی پیک کو انڈیا کی خودمختاری کے لیئے خطرہ قرار دے کر بتادیا کہ اصل درد کیا ہے، امریکی جنرل نے بھی افغانستان میں جو بیان دیا وہ جنگ کی دھمکی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button