وزیراعلیٰ پنجاب کا غیرقانونی طور پر قائم مویشی منڈیوں کے خلاف کارروائی کا حکم
لاہور 29 اگست 2017
(بشیر باجوہ بیورو چیف پاکستان نیوز وائس آف کینیڈا)
غیرقانونی منڈیاں قائم کرنے والوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے‘شہبازشریف عیدالاضحی پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں،آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے سڑکوں پر سری پائے بھوننے پر پابندی ہوگی،ایسا ایک واقعہ بھی سامنے آیا تو ذمہ دار متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او ہوں گے پارکوں میں نصب جھولوں کے حفاظتی معیار کو یقینی بنایا جائے، ٹریفک ردواں دواں رکھی جائے، تمام انتظامات کی خود نگرانی کرونگا،غفلت برداشت نہیں ‘وزیراعلیٰ پنجاب کا ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں شہریوں کی سہولت کیلئے جدید ترین مویشی منڈیاں قائم کی ہیں، مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خریداری کیلئے آنے والوں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم ہونی چاہئیں، وزیراعلیٰ نے غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی منڈیاں قائم کرنے والوں کو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جائے، مویشی منڈیوں میں صفائی کے انتظامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں، صفائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
مویشی منڈیوں میں سپرے باقاعدگی سے جاری رکھا جائے اور کانگو وائرس اور ڈینگی وائرس سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ پلان پر من و عن عمل کیا جائے، متعلقہ صوبائی وزیر اور سیکرٹری مویشی منڈیوں کے دورے جاری رکھیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دو گھنٹے جاری رہنے والے طویل اجلاس میں عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر صفائی، مویشی منڈیوں میں انتظامات ، ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے اقدامات، جھولوں کے حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزراء منشاء اللہ بٹ، آصف سعید منہیس، رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر، لارڈ میئر لاہور، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام نے سول سیکرٹریٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی، چیف سیکرٹری پنجاب اور متعلقہ حکام ماڈل ٹائون سے اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، ملتان، سرگودھا،ساہیوال، گوجرانوالہ اور راولپنڈی ڈویژن کے میئرز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں۔ عیدالاضحی پر سڑکوں پر سری پائے بھوننے پر پابندی ہوگی۔کھلے مقامات پر سری پائے بھوننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔سری پائے بھوننے کا ایک واقعہ بھی سامنے آیا تو ذمہ دار متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں عیدالاضحی پر آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے۔ غفلت کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔تمام متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اگر آلائشوں کی بنا پر کسی دشواری کا سامنا کرنا پڑا تو سخت ایکشن لوں گا۔ عیدالاضحی پر کئے جانے والے تمام انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔
عوام کو صاف ماحول اور انہیں سہولتیں فراہم کرنا حکومت اور متعلقہ ادارو ںکی ذمہ داری ہے۔متعلقہ محکموں اور اداروں کو فعال اور متحرک انداز میں کام کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عید کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد بچوں کے ہمراہ پارکوں کا رخ کرتی ہے۔ پارکوں میں نصب جھولوں کی باقاعدہ چیکنگ کی جائے اور حفاظتی معیار کو یقینی بنایا جائے۔ شہروں میں ٹریفک کو ردواں دواں رکھا جائے۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو عیدالاضحی کے موقع پر کئے جانے وانتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔