پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے توہین عدالت کے دائرہ اختیار کا فیصلہ چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے توہین عدالت کے دائرہ اختیار کا فیصلہ چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور پی ٹی آئی کے ترجمان بابراعوان کی جانب سے پٹیشن بھی تیار کرلی گئی ہے جس پر چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے دستخط کرکے منظوری دے دی
اس موقع پر بیرسٹربابراعوان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے غیرجانبداری کی امید کرتے ہیں لیکن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس بھیجنا مکمل طور پر غیر آئینی ہے الیکشن کمیشن کو توہین عدالت پر کارروائی کا اختیار سونپنے کا قانون موجود نہیں جب کہ اس حوالے سے قانون سازی بھی پارلیمان میں زیر التوا ہے۔ ان کا کہنا تھا چئیرمین پی ٹی آئی کو جاری ہونے والے نوٹس کے اسباب و وجوہ مشکوک اور مبہم ہیں ہم اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس معاملے کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کریں گے۔
بابر اعوان نے کہا کہ امریکی صدر کے بیان پر عمران خان کا رد عمل قوم کی آواز تھا امریکی صدر کی گیڈر بھپکیوں کا اسی انداز میں جواب دینا چاہئے تھا لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکومت نے جواب دینے میں غیرمعمولی تاخیر کا مظاہرہ کیا اور جب بھی کوئی اہم موقع ہوتا ہے تو شریف خاندان ملک سے فرار ہوجاتا ہے۔